سرمد کھوسٹ نے صبا قمر کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

ویب ڈیسک  پير 2 دسمبر 2019
ہماری انڈسٹری میں صبا اپنی قسم کی بس ایک ہی ’پیس‘ ہیں۔ سرمد کھوسٹ (فوٹو: فائل)

ہماری انڈسٹری میں صبا اپنی قسم کی بس ایک ہی ’پیس‘ ہیں۔ سرمد کھوسٹ (فوٹو: فائل)

اداکار اور ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے ساتھی اداکارہ صبا قمر کی تعریف میں زمین و آسمان کی قلابیے ملا دیے اور خود ہی مداح سرائی کی وجہ بھی بتادی۔

سرمد کھوسٹ نے انسٹا گرام میں اپنی پوسٹ پر فلم ’کملی‘ کی شوٹنگ کے دوران صبا قمر کے ساتھ کھینچی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی، کیپشن میں صبا قمر کی اداکاری  پر کھل کر تبصرہ کیا اور ساتھ ہی مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’یہ ایک ہی پیس ہے ایسا‘۔

سرمد کھوسٹ نے لکھا کہ کچھ لوگ سپر ٹیلنٹڈ اداکار ہوتے ہیں، کچھ خوبصورت ہیں اور کچھ سپر پروفیشنل ہیں اور ان تمام خواص کو کسی ایک اداکار میں جمع کیا جائے تو وہ صبا قمر ہیں۔ ایک ہی ’پیس‘ ہے ایسا اور ان کی کوئی دوسری شاخ بھی نہیں۔

یہ پڑھیں: صبا قمر نے فلم ’کملی‘ کی پہلی جھلک جاری کردی

سرمد کھوسٹ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شکایت کی کہ بس ان کی ایک ہی بات غلط ہے، وہ سمجھتی ہیں میں ان کے ساتھ تصاویر نہیں کھینچوانا چاہتا لیکن شرط بس اتنی ہے کہ میں کم سے کم صبا کے مقابلے میں ایک چوتھائی خوبصورت تو لگوں اور گستاخی معاف صبا نے میری کافی بہتر تصویر کھینچی ہے۔

حال ہی میں ’باغی‘ اور ’چیخ‘ جیسے ڈراموں میں جان دار اداکاری کرنے والی صبا قمر آج کل سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔ صبا قمر اس سے قبل بھی سرمد کھوسٹ کے ساتھ فلم ’منٹو‘ میں بھی کام کرچکی ہیں۔

لگتا ہے سرمد کھوسٹ صبا قمر کے ساتھ اچھی تصویر آنے پر خوشی سے نہال ہیں اور اسی رو میں بہہ کر انہوں نے صبا قمر کی تعریفوں میں ذرا بھی کنجوسی سے کام نہیں لیا، بات جو بھی ہو شائقین کو دونوں باصلاحیت فنکاروں کے نئی فلم ’کملی‘ کا بے تابی سے انتظار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔