احتساب سب کا ہونا چاہیے صرف پی ٹی آئی کو ٹارگٹ نہ کیا جائے، شوکت یوسف زئی

ویب ڈیسک  منگل 3 دسمبر 2019
بی آر ٹی شفاف اور بڑا منصوبہ ہے جس کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو : فائل

بی آر ٹی شفاف اور بڑا منصوبہ ہے جس کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو : فائل

پشاور: صوبائی وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے صرف پی ٹی آئی کو ٹارگٹ نہ کیا جائے۔

پشاور میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار اور غیر سیاسی ہونا چاہیے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے تمام اثاثوں کے کاغذات جمع کرائے ہیں، احتساب سب کا ہونا چاہیے صرف پی ٹی آئی کو ٹارگٹ نہ کیا جائے جب کہ نیب مولانا فضل الرحمان کا بھی احتساب کرے کہ سیاست میں انہوں نے کیا کمایا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اے این پی کی حکومت میں ٹھیکے بکتے تھے تاہم میرے اثاثے سارے صاف اور ڈاکومنٹڈ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی شفاف اور بڑا منصوبہ ہے جس کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، بی آر ٹی کا سول ورک مکمل ہے تاہم آئی ٹی ایس پر کام جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔