امریکا نے لبنان کی فوجی امداد بحال کردی

ویب ڈیسک  منگل 3 دسمبر 2019
امریکی صدر نے ہی اکتوبر میں بغیر وجہ بتائے امداد معطل کردی تھی۔ فوٹو : فائل

امریکی صدر نے ہی اکتوبر میں بغیر وجہ بتائے امداد معطل کردی تھی۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اکتوبر میں معطل کی گئی لبنان کی فوجی امداد کو وزیراعظم حریری کے مستعفی ہونے کے بعد بحال کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ماہ قبل معطل کی گئی لبنان کی 105 ملین ڈالر کی فوجی امداد بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مواخذے میں گھیرے صدر ٹرمپ نے اکتوبر میں اچانک لبنان کے لیے فوجی امداد کو کوئی وجہ بتائے اور کانگریس کو اعتماد میں لیے بغیر بند کر دیا تھا۔ جتنی اچانک امداد معطل کی گئی تھی اتنے ہی پراسرار طریقے سے بحال کردی گئی ہے۔

لبنان کی فوجی امداد اس وقت بحال کی گئی ہے جب ملک انارکی کا شکار ہے، وزیراعظم سعد حریری ہفتوں جاری رہنے والے عوامی مظاہروں کے بعد مستعفی ہوچکے ہیں اور صدر نئے وزیراعظم کے لیے مشاورت کر رہے ہیں، بدعنوانی اور بے روزگاری کے تناظر میں حکومت مخالف مظاہروں کی وجہ سے کار مملکت ٹھپ ہے اور اب بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ خبر پڑھیں: لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری عوامی احتجاج پر مستعفی

اپنے مخالف امیدوار جوہائیڈن کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے لیے یوکرین کے صدر کو فوجی امداد بند کرنے کی دھمکیاں دینے پر صدر ٹرمپ کو مواخذے کا سامنا ہے۔ لبنان کی فوجی امداد بحال کرنے اور یوکرین کے معاملے پر تاخیری حربے استعمال کرنے پر صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔