گلوکار اور موسیقار فوک میوزک کے فروغ کیلیے کردار ادا کریں، عارف لوہار

ویب ڈیسک  منگل 3 دسمبر 2019
فوک میوزک پاکستانی ثقافت کا مظہر ہے، عارف لوہار (فوٹو : فائل)

فوک میوزک پاکستانی ثقافت کا مظہر ہے، عارف لوہار (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: معروف گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ فوک موسیقی پاکستانی تہذیب اور تمدن کا مظہر ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، فوک میوزک کے احیا کے لیے گلوکاروں اور موسیقاروں سے آگے بڑھ کر کردار ادا کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔

عالمی شہرت یافتہ فوک گلوکار عارف لوہار نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ فوک گائیکی پاکستان کے کلچر کا حصہ ہے، یہ پنجاب کا رنگ ہے، مہران کا حسن ہے اور ہمارا لوک ورثہ ہے جس کی حفاظت اور فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

عارف لوہار نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی فوک میوزک سنا جاتا ہے وہاں پاکستان سب سے ممتاز حیثیت رکھتا ہے، اس دھرتی نے دنیا کو بہترین فوک گلوکار فراہم کیے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید فروغ دیا جائے۔

معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ پاپ یا راک میوزک کے مقابلے میں فوک موسیقی کی اپنی ایک اہمیت ہے، اس صنف موسیقی سے ہماری تاریخ اور ثقافت جڑی ہے اور کوئی بھی اپنی ثقافت کو کس طرح پس پشت ڈال سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔