بھولے کا ’میرے پاس تم ہو‘ کا ٹائٹل گیت گانا اور عدنان صدیقی کا پیانو بجانا

ویب ڈیسک  منگل 3 دسمبر 2019
عمران اشرف نے گانے کی ویڈیو انسٹا گرام پر اپ لوڈ کردی (فوٹو : فائل)

عمران اشرف نے گانے کی ویڈیو انسٹا گرام پر اپ لوڈ کردی (فوٹو : فائل)

ڈرامہ ’رانجھا رانجھا کردی‘ سے شہرت کی بلندی کو چھونے والے اداکار عمران اشرف کی بہترین اداکاری نے کردار ’ بھولے‘ کو بھولنے نہیں دیا، اس کردار نے مداحوں کی ہمدردی ہی نہیں سمیٹی بلکہ دل بھی جیت لیے تھے۔ ’بھولے‘ کے کردار سے عمران اشرف نے خود کو ایک بہترین اداکار ثابت کردیا ہے لیکن کیا وہ ایک اچھے گلوکار بھی ہیں؟ اس کا فیصلہ ہم آپ پر چھوڑتے ہیں۔

ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے جا ندار اداکاری اور دل پر نقش ہوجانے والے مکالموں کے لیے شہرت رکھنے والے ڈرامے ’ میرے پاس تم ہو‘ میں راحت فتح علی خان کی دل سوز آواز میں ٹائٹل سونگ نے شہرت کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں، کیا بچہ کیا بڑا کیا بزرگ اور کیا نوجوان، سب کے لبوں پر اس گانے کے بول ہیں اور سب یہی گانا زیر لب گنگناتے نظر آتے ہیں۔

انسٹا گرام پر ہم سب کے ہی ’بھولے‘ عمران اشرف نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اسی گانے کا حق ادا کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جب کہ عدنان صدیقی پیانو پہ دھن بجاتے نظر آرہے ہیں۔ عمران اشرف نے کیپشن لکھا کہ جب روم میں ہو تو ایسا کرو جیسا رومی کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کھل کر تعریف بھی کی۔

عمران اشرف کی آواز میں میرے پاس تم ہو کا ٹائٹل گانا سنیں اور کمنٹ میں بتائیں کہ ہم سب کا ’بھولا‘ کتنا اچھا گلوکار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔