سندھ حکومت کا تعمیر شدہ بدین سجاول روڈ دوبارہ بنانے کا فیصلہ

وکیل راؤ  بدھ 4 دسمبر 2019
ماضی میں بدین سجاول روڈ کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، سندھ کے دیگر کئی شہروں کی شاہراہوں کی حالت بھی خراب
فوٹو: فائل

ماضی میں بدین سجاول روڈ کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، سندھ کے دیگر کئی شہروں کی شاہراہوں کی حالت بھی خراب فوٹو: فائل

کراچی:  حکومت سندھ نے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ بدین سجاول روڈ دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سندھ حکومت نے چند برس قبل تعمیر شدہ بدین سجاول روڈ کی دوبارہ تعمیر کا فیصلہ کیا ہے، ماضی میں بدین سجاول روڈ کی تعمیر پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے تھے۔

صوبائی محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے بدین سجاول روڈ کی دوبارہ تعمیر کی اسکیم عالمی بینک کی شراکت سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سندھ میں دیگر کئی شہروں کی شاہراہوں کی حالت خراب بھی ہے ان شاہراہوں کی تعمیر کی اسکیم کو ترجیحی بنیاد پر منصوبوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

یہ انکشاف سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ورکس اینڈ سروسز کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران سامنے آیا،کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید عبدالرشید کی زیر صدارت کمیٹی روم میں ہوا، حکام نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ عالمی بینک کے اشتراک سے سندھ میں شاہراہوں کی تعمیر کی 19 اسکیمزشروع کررہے ہیں جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں چار شاہراہوں کی تعمیر کی بھی تجویز ہے جس میں بدین سجاول شاہراہ بھی شامل ہے۔

محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے مطابق بدین سجاول روڈ کو18 فٹ سے بڑھا کر 30فٹ کیاجائیگا، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید عبدالرشید نے بہتر حالت میں موجود بدین سجاول شاہراہ کی دوبارہ تعمیر پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری وسائل کا اس طرح استعمال درست نہیں، ترقیاتی منصوبوں کا تعین سیاسی بنیادوں پر کرنے سے گریز کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔