آئی ایم ایف رواں ماہ 50 کروڑ ڈالر قرض جاری کردے گا، حفیظ شیخ

خصوصی رپورٹر  بدھ 4 دسمبر 2019

 اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں آئی ایم ایف پاکستان کو قرض کی اگلی قسط جاری کردے گا۔

اسلام آباد میں مائیکرو فنانس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ ایک دہائی سے سرمایہ کاری میں بچت کو فروغ نہیں دیا گیا، مائیکرو فنانس سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، حکومت کو مائیکرو فنانس کی سازگار پالیسیاں بنانا ہوں گی۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ 15 ماہ بعد معیشت مستحکم ہورہی ہے بین الاقوامی ادارے معیشت پر اعتماد کر رہے ہیں، آئی ایم ایف نے کہا ہے پاکستان نے تمام شرائط پوری کی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت معیشت کو بہتر کرنے میں سنجیدہ ہے اور توقع ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگلے دو ہفتوں میں ہوگا اور آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کو 500 ملین ڈالرز کی دوسری قسط جاری کردے گا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 236 فیصد اضافہ ہوا، اسٹاک مارکیٹ نے گزشتہ 3 ماہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، موڈیز نے پاکستان کی رینکنگ کو منفی سے مستحکم قرار دیا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گزشتہ سال 35 فیصد اور ابھی 5 ماہ میں بھی مزید کم ہوا، 5 ماہ میں مالی خسارہ پہلی بار سرپلس میں آیا، 5 ماہ میں تجارتی خسارہ بھی کم ہوا ہے ریونیو وصولیاں، سرمایہ کاری اور ریمی ٹینس بڑھی ہیں، اے ڈی بی نے اسی بہتری پر اپنے پروگرام میں 3 ارب ڈالر اضافہ کیا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عالمی اداروں نے تسلیم کرلیا کہ پاکستان میں معاشی استحکام آرہا ہے، معیشت کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں، اقتصادی بہتری کے لئے جو ممکن ہوا وہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔