پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس؛ وزیراعظم کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2019
انسداد دہشت گردی کی عدالت کو آج وزیراعظم کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنانا تھا۔فوٹو : فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت کو آج وزیراعظم کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنانا تھا۔فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر کردیا گیا۔  

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی، اس دوران عدالت نے وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ کئی ملزمان ہیں جنہوں نے عمران خان سے پہلے بریت کی درخواستیں دیں جب کہ کئی ملزمان کی عدم حاضری پر تو ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے لہذا ممکن نہیں کہ دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو چھوڑ کرعمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنائیں، یہ سینکڑوں کارکنوں سے متعلق کیس ہے، زیادہ کارکنان کی پیروی فیصل چوہدری کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے اس وقت کی حکومت کے خلاف دھرنے دیئے تھے۔ اس دوران مشتعل ہجوم نے پی ٹی وی اورپارلیمنٹ پر دھاوا بولا تھا۔ ان مقدمات میں صدرمملکت عارف علوی بھی نامزد ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔