ملک کی لوٹی دولت کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2019
حکومت اور اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق ہو جائے گا فوٹو: فائل

حکومت اور اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق ہو جائے گا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی لوٹی دولت واپس لانےکا وعدہ کیا تھا اور اب اس کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی لوٹی دولت واپس لانے کا وعدہ کیا تھا اس کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں، نوازشریف اور ان کے خاندان کی بھی کچھ قسطیں باقی ہیں، امید ہے نواز شریف کی اقساط بھی جلد آنا شروع ہوجائیں گی، ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں، یہ لوگ ہمت پکڑیں اور باقی لوگ بھی اپنے پیسے دیں۔

آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے کیس میں طے کردہ اصول سب پر لاگو رہے گا، آصف زرداری کے معاملے میں بھی ڈاکٹرز کی رائے سے معاملہ آگے بڑھے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے ریٹائر ہونے کے بعد نئی تقرری کے لیے 45 دن کا وقت ہوتا ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن کمیشن کے معاملے پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن نے بہت سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت اور پوزیشن کے دیئے گئے تمام لوگ غیر جانبدار ہیں ، امید ہے کہ ان پر اتفاق ہو جائے گا۔

اس سے قبل نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ 2022 میں خلائی مشن بھیجنے کے بیان پرایسا رد عمل آیا جس سے لگا کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی میں پیچھے ہیں حالانکہ جب ہم نے سپارکو بنایا تو اس وقت چین اور بھارت خلائی پروگرام کی کسی گنتی میں ہی نہیں تھے۔ 70 کی دہائی میں ہم افعان جنگ میں شامل ہوئے تو توجہ بٹ گئی۔ 90 کی دہائی میں پاکستان جنوبی ایشیا کا واحد ملک تھا جہاں پرموبائل فون ٹیکنالوجی آئی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 ماہ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600 گنا اضافہ ہوا، پاکستانی انجینئرز اور سائنسدانوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ ان کے لئے نوکریوں کے مواقع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔