علی ظفر فاسٹ بولر شعیب اخترکو دیئے گئے چیلنج میں ناکام

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2019
یہ وہ یارکر ہے جس سے بڑے بڑے برج الٹ جاتے ہیں، شعیب اختر کی ٹوئٹ

یہ وہ یارکر ہے جس سے بڑے بڑے برج الٹ جاتے ہیں، شعیب اختر کی ٹوئٹ

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے گلوکار علی ظفر کا چیلنج قبول کرتے ہوئے انہیں کلین بولڈ کردیا۔

گلوکار واداکار علی ظفر اور قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے درمیان چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کرکٹ کے حوالے سے دلچسپ مکالمہ ہوا اور اس دوران دونوں نے ایک دوسرے کو چیلنج دے ڈالا۔

راولپنڈی ایکسپریس نے اپنی ٹوئٹ میں علی ظفر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا سنا ہے بڑا کرکٹر ہے تو، جس پر علی ظفر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سنا ہے بڑے بولر ہیں آپ۔

اس پر شعیب اختر نے کہا وقت اور جگہ بتاؤ اور پھر ایک گیند بھی ٹچ کرکے دکھاؤ، علی ظفر نے جواب دیا ٹھیک ہے پھر میں بھی ایک گیند کرواؤں گا جو 172 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ علی ظفراب کرکٹر بننے کے خواہاں؛ شعیب اخترکو چیلنج کردیا

بعد ازاں دونوں ستاروں کا جب گراؤنڈ میں آمنا سامنا ہوا تو گلوکار علی ظفر نے اپنے وعدے کے مطابق تیز رفتار گیند کروائی اور اس کی ویڈیو ٹوئٹر پر اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ سر آپ نے بال ٹچ کرنے کی بات کی تھی، اور یہ گیند شاید 172 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی زیادہ کی ہو۔

راولپنڈی ایکسپریس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی ظفر ہاتھ میں بلا تھامے شعیب اختر کی بولنگ کا سامنا کررہے ہیں اور پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ ہوجاتے ہیں۔

ویڈیو کے ساتھ شعیب اختر نے لکھا کہ یہ وہ یارکر ہے جس سے بڑے بڑے برج الٹ جاتے ہیں، یقین نہ آئے تو میرے مداحوں سے پوچھ لو۔

علی ظفر نے اس ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ ہماری بات تیز ترین گیند کی ہوئی تھی یہ تو سلو یارکر کا دھوکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔