نیب ہمارے رہنماؤں سے میڈیا کے سامنے سوالات کرے ہم تیار ہیں، احسن اقبال

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2019
حکمران صرف گالی گلوچ، کردار کشی پر زندہ ہیں، احسن اقبال۔  فوٹو: فائل

حکمران صرف گالی گلوچ، کردار کشی پر زندہ ہیں، احسن اقبال۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نیب ہمارے خلاف اوپن انکوائریاں کریں اور میڈیا کو بٹھا کر سوال و جواب کرے ہم تیار ہیں۔

پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے سپریم کورٹ سے شہباز شریف کے خلاف درخواست واپس لے لی اور نیب شہباز شریف کے خلاف عدالت میں ایک بھی ثبوت پیش نہ کرسکی جب کہ 2 دن قبل سپریم کورٹ میں بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، ثابت ہوگیا کہ ہم حکومت کے جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔

احسن اقبال کا  کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایک بھی اکاوٴنٹ ایسا نہیں ہے جو حساب کے لیے پیش نہ کیا گیا ہو، اس کے برعکس پی ٹی آئی کے 23 اکاوٴنٹ ہیں جس میں عوام کا پیسہ اکٹھا کرکے گل چھرے اڑائے جارہے تھے، ہمارے ہر رہنما نے اپنا اوپن ٹرائل کرنے کا کہا ہے، نیب کو کہتے ہیں ہمارے خلاف اوپن انکوائریاں کریں، میڈیا کو بٹھا کر سوال جواب کریں، تاکہ عوام کو الزامات کی حقیقت کا علم ہو اور پتا چلے کہ حکمران صرف گالی گلوچ اور کردار کشی پر زندہ ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو آج ڈر تھا کہ اپوزیشن قومی اسمبلی میں مہنگائی پر ہنگامہ کرے گی اس لیے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ایک نام نہاد احتساب سیل کی پریس کانفرنس کردی، وزیراعظم نے معاشی مشیر کو ویلڈن کہا، کس بات پر ویلڈن کہا؟ آج میڈیا پر آپ واویلا کر رہے ہیں، سپریم کورٹ میں آپ بھیگی بلی بن جاتے ہیں، من گھڑت حقائق پیش کر کے میڈیا ٹرائل شروع کر دیتے ہیں اور جب فارن فنڈنگ کی بات آتی ہے توعمران خان بھاگتے پھرتے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کو نہ صرف غیر فعال بلکہ غیر موثر کر دیا ہے، اسپیکر کے احکامات کو اتنی بھی اہمیت حاصل نہیں جتنی ایک سیکشن آفیسر کو ہوتی ہے، جب کہ سیاسی مقدمات میں گرفتار اپوزیشن اراکین کو اجلاس میں شرکت سے روکا جاتا ہے، خواجہ سعد رفیق کے آرڈرز جاری ہوئے مگر پنجاب حکومت نے عمل درآمد سے معذرت کرلی، رانا ثنا اللہ کا پروڈکشن آرڈر خصوصی طور پر جاری نہیں کیا گیا، اسپیکر کے آرڈرز کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا جا رہا ہے، اسپیکر بے توقیر ہے تو پارلیمنٹ کی کیا توقیر رہ گئی ہے؟ اس حکومت کے فیصلے کون کر رہا ہے؟ یہ حکومت نہیں کامیڈی تھیٹر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔