مخلص قیادت کی وجہ سے پاکستان کا منفی تاثر زائل ہورہا ہے، عارف علوی

نامہ نگار  جمعرات 5 دسمبر 2019
بہتر سیکیورٹی  صورتحال کے باعث یہ ملک سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک بن چکا ہے، عارف علوی (فوٹو :فائل)

بہتر سیکیورٹی صورتحال کے باعث یہ ملک سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک بن چکا ہے، عارف علوی (فوٹو :فائل)

 لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو ایک مخلص اور دیانت دار قیادت میسر ہونے کی وجہ سے پاکستان کے بارے میں بننے والا غلط تاثر زائل ہو رہا ہے۔

یہ بات انہوں ںے جمعرات کو الحمرا ہال میں ایڈ ایشیاء کانفرنس لاہور 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سرمد علی، چیئرمین پاکستان ایڈور ٹائزنگ ایسوسی ایشن وقارحیدری، اعزازی چیئرمین جاوید جبار سمیت دیگر عہدے داران اور غیر ملکی وفود موجود تھے۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جب کہ بہتر سیکیورٹی  صورتحال کے باعث یہ ملک سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک بن چکا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دور میں مختلف قسم کے ذرائع ابلاغ کام کر رہے ہیں، میڈیا پر دی جانے والی معلومات بعض اوقات درست نہیں ہوتیں، آج کل زیادہ تر اخبارات خبروں کی بجائے آراء پر مبنی ہیں، اشتہارات میں درست معلومات اور سچائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 1970ء اور 1980ء کی ایڈور ٹائزنگ کا اب کی ایڈور ٹائزنگ سے تقابلی جائزہ لیں تو بہت فرق ہے، میڈیا ایک طرح سے معاشرے کا آئینہ بھی ہوتا ہے، آج کے دور میں ایڈور ٹائزنگ رابطوں کا مجموعہ ہے، اب دنیا ممکنات کو دیکھتی ہے جو حقیقت کے قریب تر ہوتی ہیں اور یہ ایڈور ٹائزنگ سے ہی ممکن ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ کا شعبہ دراصل مصنوعات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، اخبارات کی خبریں 24 گھنٹے تاخیر سے ہم تک پہنچتی ہیں جبکہ ٹی وی کی خبریں بھی بعض اوقات دوگھنٹے تک لیٹ ہوتی ہیں لیکن ڈیجیٹل میڈیا پر خبریں مسلسل چل رہی ہوتی ہیں اور ان پر ایڈیٹوریل بھی کنٹرول نہیں ہوتا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ کی اہمیت اس وجہ سے بھی ہے کہ اس میں تخلیق کاری، اسکلز اور آئیڈیاز ہوتے ہیں ایڈورٹائزنگ اس وقت ضرورت بن چکی ہے لیکن اس میں سچائی ہونی چاہیے، اخبارات بھی اس وقت اپنی پروڈکٹ بیچ رہے ہیں اوریہ بھی فرق کرنا مشکل ہوگیا ہے کہ نیوز اور ایڈور ٹائزنگ میں کیا فرق ہے، اسی طرح انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے کیونکہ فلم میں بھی ایڈورٹائزنگ پربہت زیادہ فوکس ہوتا ہے۔

صدر مملکت نے غیر ملکی وفود کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امید ہے کہ وہ لاہور کی ثقافت سے لطف اندوز ہوں گے، برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ، ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے حالیہ لاہور کے دورہ پر اپنے تاثرات میں اسے خوبصورت اور تاریخی شہر قرار دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔