کراچی کتب میلے میں سیکڑوں اسٹالز ہزاروں کتابوں سے سجا دیے گئے

میلے میں شریک افراد کو کتابیں خصوصی رعایت پر فروخت، کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 اداروں نے اسٹال لگائے


Staff Reporter December 06, 2019
 جن ممالک نے جدیدٹیکنالوجی متعارف کرائی وہاں بھی کئی منزلہ کتب خانے ہیں،لاکھوںکتابیںپڑھی جاتی ہیں،فیصل سبزواری

کراچی میں کتابوں کے شوقین افراد کے لیے ملکی نوعیت کا پندرہواں کراچی بین الاقوامی کتب میلہ سج گیا۔

کتب میلے میں ادبی، سیاسی و سماجی سمیت مختلف موضوعات پر قومی و بین الاقوامی پبلشرز کی کتابوں کے 330 اسٹالز لگائے گئے۔ میلے میں شریک افراد کو کتابیں خصوصی رعایت پر فروخت کی گئیں۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں کتب بینی کے فروغ کیلیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے ،معاشرے میں کتابوں سے محبت کو واپس لانا ہو گا ،محکمہ ثقافت کے ذریعے صوبے بھر میں لائبریریوں کا نیٹ ورک قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بات انھوں نے ایکسپو سینٹر میں پندرہویں کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری ،پاکستان پبلشرز اینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے بھی خطاب کیا جبکہ کنوینر کے آئی بی ایف وقار متین نے تقریب کے شرکاکا شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی تقریب میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی ،صوبائی وزیر قانون مرتضی وہاب ، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں عامر خان ،خواجہ اظہار الحسن ،میئر حیدرآباد طیب حسین ،سینئر صحافی قاضی اسد عابد ،عبدالقادر خانزادہ ،سینئر صحافی محمود شام ، چیئرمین ضلع شرقی معید انور، مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی ، نامور ادیبوں اور شاعروں سمیت مختلف ممالک کے سفارت کاروں، علمی ،سماجی ، ادبی اور صحافتی شخصیات نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سند ھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مخیر حضرات کتابیں خرید کر لائبریری کو عطیہ کریں تو اس سے بھی کتب بینی کو فروغ حاصل ہو گا۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ دور جدید میں کتب میلہ یقینا لوگوں کو حیران کر رہا ہوگا مگر یہ بھی یاد رکھنا ہو گا کہ جن ممالک نے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا وہاں آج بھی کئی منزلہ کتب خانے موجود ہیں آج بھی ترقی یافتہ ممالکمیں لاکھوں کتابیں پڑھی جا رہی ہیں جس معاشرے میں سوچ پر قدغن لگ جائے وہاں کتابیں کم پڑھی جاتی ہیں ہمیں کتابوں کے لفظ کی حرمت کو سمجھنا ہو گا۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستا ن میں ایسا معاشرہ قائم ہو جائے جہاں نعرہ لگانے پر دہشت گردی کے مقدمات نہ بنیں۔

پاکستان پبلشرز اینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے کہا کہ اس نمائش کا آغاز صرف ایک ہال سے ہوا تھا آج یہ تین ہالز میں منتقل ہو چکا ہے،علاوہ ازیں پاکستان پبلشرز اینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت 5روزہ پندرھواں کراچی بین الاقوامی کتب میلہ کا باقائدہ آغاز ایکسپو سینٹر کراچی میں جمعرات کوہوگیا،افتتاح سے قبل ہی اسکولز و کالجز کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے خود ہی کتب میلے کا افتتاح کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے