ون وے کی خلاف ورزی پر شہریوں کی حوالات میں بند تصاویر جاری

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 6 دسمبر 2019
تصاویر سے متعلق تحقیقات کروں گا ، آئندہ کے لیے پابند کیا جائے گا کہ شہریوں کی تصاویرجاری نہ کی جائیں، ڈی آئی جی ٹریفک

تصاویر سے متعلق تحقیقات کروں گا ، آئندہ کے لیے پابند کیا جائے گا کہ شہریوں کی تصاویرجاری نہ کی جائیں، ڈی آئی جی ٹریفک

کراچی:  ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین خصوصاً ون وے کی خلاف ورزی پر پکڑے جانے والے شہریوں کو حوالات میں بند کر کے ان کی تصاویر جاری کرنے پر شہری حلقوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب اسٹریٹ کرمنلز ، ٹارگٹ کلرز ، منشیات فروش ، بھتہ خور اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث گرفتار ملزمان کی تصاویر چہرہ چھپا کر ظاہر کی جاتی ہیں تو دوسری جانب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کی تصاویر بغیر چہرہ چھپائے جاری کی جا رہی ہے جو کہ ان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے، شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف پر نہ صرف مقدمات کا سامنا کیا بلکہ ان کی موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئیں۔

اس کے باوجود ٹریفک پولیس کی جانب سے انھیں حوالات میں بند کر کے بڑے فخر سے تصاویر بنا کر میڈیا سے شیئر کیں ، شہریوں نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیے گئے شہریوں کی شناخت چھپائے بغیر تصاویر جاری کرنے کا سختی سے نوٹس لیں۔

شہریوں کے ساتھ عادی جرائم پیشہ جیسا سلوک ہرگز نہ اپنایا جائے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کو بتایا گیا کہ حوالات میں بند شہریوں کی شناخت چھپائے بغیر تصاویر جاری کی گئی ہیں جس پر انھوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کریں گے اور آئندہ کے لیے پولیس کو پابند کیا جائیگا کہ وہ شہریوں کی تصاویر شیئر نہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔