سندھ اسمبلی، گورنر کو مزید بے اختیار کرنے کا بل پیش

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 6 دسمبر 2019
ہر جگہ ریبیز کی وجہ سے ہلاکتیں نہیں ہورہیں،عذراپیچوہو، فنڈز میںکٹوتی کے سبب محکمہ اوقاف کی ترقیاتی اسکیمیں متاثر ہوئیں، ہیر سوہو

ہر جگہ ریبیز کی وجہ سے ہلاکتیں نہیں ہورہیں،عذراپیچوہو، فنڈز میںکٹوتی کے سبب محکمہ اوقاف کی ترقیاتی اسکیمیں متاثر ہوئیں، ہیر سوہو

کراچی: سندھ ایڈوائزرز اپائنمنٹس پاور ترمیمی بل پیش کردیا گیا جس کے تحت وزیر اعلیٰ کے مشیروں کی تقرری کے لیے گورنر کی منظوری کی شرط ختم کردی جائے گی۔

سندھ کے وزیر پارلیمانی امور مکیش چاؤلہ نے سندھ اسمبلی میں یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی بجٹ کی سہ ماہی پورٹ جلد ایوان میں پیش کی جائے گی۔ انھوں نے یہ یقین دہانی اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس اعتراض پر کرائی کہ بجٹ کا پہلا کوارٹر مکمل ہوچکا ہے لیکن اس حوالے سے ایوان کوآگاہ نہیں کیا گیا،انھوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا اکاؤنٹ4سال سے پیش نہیں کیا گیا۔

علاوہ ازیں سندھ اسمبلی میں سندھ ایڈوائزرز اپائنمنٹس پاور ترمیمی بل پیش کردیا گیا، اس بل کے تحت سندھ میں وزیر اعلیٰ کے مشیروں کی تقرری کے لیے گورنر کی منظوری کی شرط ختم کردی جائے گی اور وزیر اعلیٰ اپنے مشیروںکا تقرر از خود کرسکیں گے، ایوان میں ترمیمی بل صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے پیش کیا جسے مزید غور و خوض کے لیے قائمہ کمیٹی قانون کو بھیج دیاگیا جو دو ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر تک ملتوی کردیا گیا، بل کی منظوری کے بعد گورنر سندھ سے وزیراعلی کے مشیروں کی تقرری کی منظوری کا اختیار ختم ہوجائے گا، اس سے قبل بھی پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت گورنر سندھ سے بعض اختیارات لیکر وزیراعلی کو سونپ چکی ہے جن میں صوبائی محتسب کی تقرری بھی شامل ہے جبکہ صوبے کی جامعات کے چانسلر کا عہدہ گورنر سے لیکر وزیراعلی کو دیا جاچکا ہے۔

سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذراپیچوہو نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے سے متاثرہ بچے حسنین کا جناح اسپتال میں علاج جاری ہے، جن 6کتوں نے بچے کو کاٹا وہ گاؤں کے پالتو کتے تھے ، ہر جگہ ریبیز کی وجہ سے ہلاکتیں نہیں ہورہیں، انھوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کے توجہ دلاؤنوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

شاہانہ اشعر کا کہنا تھا کہ ویکسین کے پیسے بھی کرپشن کی نظر ہورہے ہیں۔ بچوں کو خدارا کتوں سے بچایا جائے، وزیر صحت نے کہا کہ بعض مقامات پر مریض کے تاخیر سے اسپتال پہنچنے کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں، پارلیمانی سیکریٹری محکمہ بلدیات سلیم بلوچ نے کہا کہ ایم پی اے صاحب متاثرہ علاقے کے سوریج نظام کی فزیبلیٹی بنائیں معاملے کو حل کرینگے۔

پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیانے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ کمیشن کے سربراہ کا تعلق محکمہ صحت سے ہونا ضروری ہے ایسا نہ کرکے حکومت نے قانون کی خلاف ورزی کی، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے9ارکان ہیں جنھیں 3 سال کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، وزیر صحت اور محکمہ کا سیکریٹری کمیشن کا ممبر ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں پارلیمانی سکریٹری برائے اوقاف ہیر اسماعیل سوہو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے فنڈز میں کٹوتی کے سبب محکمہ اوقاف کی ترقیاتی اسکیمز متاثر ہوئیں جو افسوس ناک بات ہے، وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی میں محکمہ اوقاف سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران وزیر اوقاف سہیل انور سیال کی عدم موجودگی میں ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دے رہی تھیں۔

پی ٹی آئی کے سعید آفرید ی نے دریافت کیا کہ میرپورخاص میں اوقاف کی زمین لیز کیوں نہیں کی گئی؟ جس پر ہیر سوہو نے بتایا کہ اوقاف کے زیر انتظام میرپورخاص میں زمین پانی کی کمی کے سبب کوئی لیز پر لینے کو تیارنہیں نصرت سحر عباسی نے ڈیفنس سے اغوا کی جانے والی نوجوان لڑکی دعا منگی کی بازیابی کے لئے دعا کرانے کی درخواست کی، اس موقع پر انھوں نے لڑکی کی عدم بازیابی پر تقریر کرنا شروع کی تو اسپیکر آغا سراج درانی نے انھیں جھاڑ پلادی اور کہا کہ آپ اس وقت صرف دعا کرائیں تقریر نہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔