ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری

ویب ڈیسک  جمعـء 6 دسمبر 2019
پاکستان کو معاشی استحکام کے لیے امداد جاری رکھیں گے، ایشیائی ترقیاتی بینک۔ فوٹو : فائل

پاکستان کو معاشی استحکام کے لیے امداد جاری رکھیں گے، ایشیائی ترقیاتی بینک۔ فوٹو : فائل

کراچی: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کا قرضہ دینے کی منظوری دیدی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کا قرضہ دینے کی منظوری دی گئی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی بجٹ سپورٹ کے لیے ایک ارب ڈالراور توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کیلئے 30 کروڑ ڈالرکے 2 قرضوں کی منظوری دی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق قرضہ توانائی سیکٹر میں اصلاحات کے لیے دیا گیا ہے، قرض پروگرام سے گردشی قرضہ ختم کرنے میں مدد ملے گی اور بجلی کی سپلائی بہتر ہوسکے گی، اس کے علاوہ فراہم کردہ رقم پاکستان کو ایمرجنسی مالی ضروریات پوری کرنے اور معیشت کو منفی اثرات سے بچانے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان کو معاشی استحکام کے لیے امداد جاری رکھیں گے، پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، پاکستان اس وقت غیرملکی بھاری ادائیگییوں، کم زرمبادلہ کے ذخائر اور غیر متوازن ترقی جیسے مسائل سے دوچار ہے، عالمی معاشی ماحول اور نقصان میں چلنے والے اداروں کی وجہ سے 2018 میں سرمایہ کاری میں کمی ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔