امریکا خطے میں جنگ کو ہوا دے رہا ہے، شمالی کوریا

ویب ڈیسک  جمعـء 6 دسمبر 2019
 شمالی کوریا کیخلاف فوجی کارروائی خارج از امکان نہیں۔ صدر ٹرمپ (فوٹو : فائل)

شمالی کوریا کیخلاف فوجی کارروائی خارج از امکان نہیں۔ صدر ٹرمپ (فوٹو : فائل)

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے امریکی صدر کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے نفرت آمیز بیانات سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر خارجہ چو سون ہوئی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیانگ یانگ پر فوجی کارروائی کے امکان کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے جارحانہ بیانات خطے میں جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے امریکی صدر کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے شمالی کوریا کے عوام میں امریکا اور امریکیوں کے لیے نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی صدر اپنے منصب کا خیال رکھتے ہوئے ایسے نفرت آمیز بیانات دینے سے گریز کریں اور خطے میں کشیدگی کیلیے کام کریں نہ کہ نفرت کو ہوا دیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کو ایک مرتبہ پھر راکٹ مین قرار دیتے ہوئے کمیونسٹ ملک کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا امکان ظاہر کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بیان شمالی کوریا کے جدید راکٹ اور ایٹمی میزائل کے پہ در پہ تجربات کرنے کے تناظر میں دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔