گوگل فوکس موڈ، جو آپ کی توجہ بھٹکنے نہیں دیتا

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
گوگل نے فوکس موڈ متعارف کرایا ہے جس کے تحت توجہ بٹانے والی ایپس کو بند کیا جاسکتا ہے (فوٹو: فائل)

گوگل نے فوکس موڈ متعارف کرایا ہے جس کے تحت توجہ بٹانے والی ایپس کو بند کیا جاسکتا ہے (فوٹو: فائل)

سان فرانسسكو: گوگل نے آپ کی توجہ کسی کام پر مرکوز کرنے کا ایک نیا ٹول پیش کیا ہے جسے ’فوکس موڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی بدولت آپ کسی کام کے دوران ای میل سے لے کر فیس بک تک کے نوٹی فکیشن کو معینہ یا غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کرسکتے ہیں۔

اس فیچر کا اعلان اس سال گوگل آئی او ڈویلپر کانفرنس میں مئی کےمہینے میں کیا گیا تھا اور اب تک اس کی بی ٹا ٹیسٹنگ جاری تھی۔

یہ ’ڈو ناٹ ڈسٹرب‘ قسم کا موڈ ہے جس میں آواز، وائبریشن اور دیگر بصری اشاروں کو روکا جاسکتا ہے لیکن فوکس موڈ میں خاص ایپس کو بند کیا جاسکتا ہے۔ ایسی ایپس جو کسی کام کے دوران آپ کی توجہ بٹاتی ہیں اور ان میں یوٹیوب، فیس بک، جی میل اور دیگر گیمز وغیرہ شامل ہیں۔ ان ایپس کو معینہ مدت کےلیے بند کیا جاسکتا ہے۔

بی ٹا ٹیسٹنگ کے دوران گوگل کے اس فیچر کو ہزاروں ماہر ٹیسٹر نے استعمال کیا اور اسے بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں جس کے بعد فوکس موڈ کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔ اسے ایپ سے جزو وقتی نجات کا آپشن بھی کہہ سکتے ہیں ۔ کسی بھی ایپ کو مقررہ گھنٹوں اور دنوں تک بند کیا جاسکتا ہے اور دفتر میں صبح 9 سے شام 5 بجے بھی بند کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل نے ڈیجیٹل ویل بینگ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے لوگوں کو روکنا اور بہتر بنانا ہے۔ ان میں ایک مشہور آپشن یوٹیوب ترک کرنے والا ’یوٹیوب بریک‘ آپشن بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔