پاکستانیوں نے مزید 4 گولڈ میڈلز گلے میں سجا لیے

ایکسپریس نیوز  ہفتہ 7 دسمبر 2019
طلحہ اورحیدرویٹ لفٹنگ میں چیمپئن بنے،محبوب اورنجمہ کے ایتھلیٹکس میں تمغے۔ فوٹو: فائل

طلحہ اورحیدرویٹ لفٹنگ میں چیمپئن بنے،محبوب اورنجمہ کے ایتھلیٹکس میں تمغے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ساؤتھ ایشین گیمزمیں پاکستانیوں نے مزید4گولڈ میڈلز گلے میں سجا لیے، تمغوں کی مجموعی تعداد 77 ہوگئی، اس میں 20 گولڈ، 24 سلور اور33 برانزشامل ہیں۔

کھٹمنڈو میں جاری گیمزکے پانچویں روز پاکستانی ویٹ لفٹرز نے 2طلائی تمغے جیتے، طلحہ طالب نے67 کلوگرام میں ملکی پرچم بلند کیا، حیدر علی نے 81 کے جی میں سب سے زیادہ وزن اٹھاکر سونے کا تمغہ پایا، ایتھلیٹکس میں پاکستان کو 2مزید گولڈ میڈلز ملے۔

محبوب علی نے400 میٹرہرڈلز میں مقررہ فاصلہ 50 عشاریہ71 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن پائی، ویمنز 400 میٹر میں نجمہ پروین نے مقررہ فاصلہ ایک منٹ اور صفر اعشاریہ 35 سیکنڈز میں طے کرکے بازی اپنے نام کرلی، 4×400 ریلے میں مینزٹیم نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔ 4×400 ویمنز ریلے میں بھی پاکستانی ٹیم کانسی کا تمغہ لے پائی، اس سے پہلے ووشو میں معاذ خان اورسجاد حسین بھی سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان ایتھلیٹکس میں 4گولڈ،ایک سلور اور5 برانز میڈل لے چکا ہے۔ ٹینس ایونٹ میں عابد مشتاق اور سارہ منصور کی جوڑی نے سری لنکن ٹیم کو 6-0 اور6-0 سے مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، پاکستانی شوٹنگ ٹیم نے ایئرپسٹل 10 میٹر ویمنز میں سلورمیڈل جیتا، ویمنز اسکواش ٹیم ایونٹ میں ہفتے کو پاکستان کا سیمی فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہوگا۔

نیپال کے شہرکھٹمنڈو میں جاری سائوتھ ایشین گیمزمیں سب سے زیادہ 19میڈلز جیتنے والی کراٹے ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے کوچنگ سینٹر میں ہونے والی استقبالیہ تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے میڈل جیتنے والوں کو ہار پہنائے اور ملکی پرچم بلند کرنے پر مبارکباد دی، کراٹے ٹیم نے 6 سونے کے تمغے جیتے۔ 8سلور میڈلز کے ساتھ 5 برانز میڈلز بھی اس کے نام رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔