انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بھارت سرفہرست ہے، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
اسلام انسانی حقوق کا بڑا علمبردار، زوار بہادر، کرتارپور راہداری بہتر صورتحال کی واضح دلیل، شاہنواز، اظہارخیال

اسلام انسانی حقوق کا بڑا علمبردار، زوار بہادر، کرتارپور راہداری بہتر صورتحال کی واضح دلیل، شاہنواز، اظہارخیال

 لاہور:  مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ’’انسانی حقوق کے عالمی دن‘‘ کے حوالے سے ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے طور پر منایا جائیگا اور کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے عالمی اداروں پر دباؤ ڈالا جائیگا، موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کے لیے بہترین اقدامات کر رہی ہے جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا، تعلیمی نصاب میں انسانی حقوق کا مضمون شامل کر دیا گیا ہے، کرتار پور کے بعد اب مسیحیوں کی عبادتگاہوں اور ان کے رہائشی علاقوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔ لہٰذا اس سال حکومت نے انسانی حقوق کے عالمی دن کو کشمیر کے ساتھ منسلک کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے بھارت دنیا میں نمبر ون ہے۔

رکن کشمیر کمیٹی پنجاب وپارلیمانی سیکریٹری برائے انفارمیشن و کلچرپنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ انسانی حقوق کے عالمی دن کو کشمیری بھائیوں کے ساتھ منسلک کر دیا ہے، پر امن رہ کرمذاکرات سے مسئلہ کشمیر حل کریں گے۔

جے یو پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل قاری زوار بہادر نے کہا کہ دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ دین اسلام نے ہر دور میں انسانی حقوق کو تحفظ دیا ہے، پاکستان میں بھی سب آزاد ہیں اور انھیں حقوق حاصل ہیں۔

نمائندہ سول سوسائٹی شاہنواز خان نے کہا کہ 10 دسمبر 1948ء کو اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کا عالمی چارٹرمنظور کیا اور اسی کے تحت اب 10 دسمبر دنیا بھر میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، موجودہ حکومت نے کرتارپور کوریڈور کھولا گیا، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ یہاں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔