سندھ حکومت تبدیل ہوئی تو جمہوری طریقے سے ہوگی، شفقت محمود

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
صحیح سمت کی طرف رواں دواں ہے، شفقت محمود فوٹو: فائل

صحیح سمت کی طرف رواں دواں ہے، شفقت محمود فوٹو: فائل

 کراچی: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اگر سندھ حکومت تبدیل ہوئی تو جمہوری طریقے سے ہوگی۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان صحیح سمت کی طرف رواں دواں ہے، ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہے، مہنگائی کے کچھ مسائل ہیں، اس کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں.

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ایسا سننے میں آیا ہے سندھ حکومت میں اندرونی طور پر شدید اختلاف ہیں، کچھ لوگ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ہیں، اس اختلاف کے باعث مراد علی شاہ کو تکالیف ہیں، اگر کوئی جمہوری طریقے سے حکومت کے خلاف ہوتا ہے تو اس میں کوئی غلط بات نہیں، میری اطلاع کے مطابق سندھ کی حکومت گرانے کی بات نہیں ہوئی، اگر حکومت تبدیل ہوئی تو جمہوری طریقے سے ہوگی، جب وقت آئے گا دیکھا جائے گا۔

اس سے قبل این ای ڈی یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران شفقت محمود نے کہا کہ جو لوگ یہاں موجود ہیں انہوں نے زندگی میں جستجو کی ہے جب اس مقام پر پہنچے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں انجینئرز کو اپنا مقام نہیں مل سکا، ہماری حکومت اس مسئلے کو سمجھتی ہے اور اس کو حل کرنے کی خواہشمند بھی ہے، اس حوالے سے بطور وزیر تعلیم میرے دائرہ اختیار میں جو ہوگا کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔