مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے اور بیرون ملک جانے کی درخواست

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
ای سی ایل میں نام کسی بھی نوٹس کے بغیر ڈالا گیا، مریم نواز فوٹو: فائل

ای سی ایل میں نام کسی بھی نوٹس کے بغیر ڈالا گیا، مریم نواز فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنا نام نکالنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں حکومت، چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ اینڈامیگریشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتوں میں مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے باوجود بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئی، 20 اگست 2018 کو جاری کیا گیا میمورنڈم غیرقانونی ہے،ای سی ایل میں نام کسی بھی نوٹس کے بغیر ڈالا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ والد کی بیماری کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار ہوں اور والد کو بھی میری ضرورت ہے، والد کی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں، وہ بیماری میں مجھ پر ہی انحصار کرتے ہیں، درخواست کے حتمی فیصلے تک بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ  9 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔