ایران دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا سرفہرست ملک ہے، سعودی وزیر خارجہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے ایران کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا سرفہرست ملک قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تہران حکومت دہشت گردوں کو اسلحہ اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کی حمایت اور سرپرستی کرنے کی وجہ سے ہی ایرن کو عالمی پابندیوں کا سامنا ہے۔ ایران کے جوہری ہتھیاروں اور اسلحے کو ضبط کرلینا چاہیئے۔

عادل الجبیر نے مزید کہا کہ ایران سفارت کاروں کو قتل کرتا ہے، دہشت گرد گروپ بناتا ہے اور بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیموں کو بیلاسٹک میزائل فراہم کرتا ہے جس سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور منتخب حکومتوں کو کمزور بنایا جاتا ہے۔

یہ خبر پڑھیں: امریکا نے ضبط کیئے گئے ایرانی میزائلوں کی تصاویر جاری کر دیں

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلیے ایران کیخلاف عالمی قوتوں کو ایک ہونا ہوگا۔ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنا ہوں گی۔ سعودی عرب ایران پر عائد پابندیوں کی ہر فورم پر حمایت اور تائید کرتا آیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے بھی خلیج عمان سے ایرانی میزائل اور اسلحے سے بھری ایک چھوٹی کشتی کو پکڑے کا دعویٰ کیا تھا، یہ اسلحہ یمن میں حوثیوں باغیوں کو فراہم کیا جانا تھا۔ امریکی حکام نے ان میزائل کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔