سوتے رہیئے، کماتے رہیئے ! 9 گھنٹے نیند کی انٹرن شپ پر ایک لاکھ روپے کا انعام

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
اس مہم کا مقصد لوگوں میں تروتازہ بیدار ہونے کے فوائد سے آگاہی دینا ہے (فوٹو : فائل)

اس مہم کا مقصد لوگوں میں تروتازہ بیدار ہونے کے فوائد سے آگاہی دینا ہے (فوٹو : فائل)

بنگلورو: نیند کسے پیاری نہیں ہوتی اور دفتر میں آنے والی نیند کے تو مزے ہی الگ ہوتے ہیں لیکن بے چارے ملازمین کو جمائیاں روکنی پڑتی ہیں اور نیند کو کوسوں دور بھگانا ہوتا ہے تاہم ایک ایسا بھی آفس ہے جہاں دفتری اوقات کے 9 گھنٹوں کے دوران صرف سونا ہی ہوتا ہے اور اس کام کے لیے ایک لاکھ روپے بھی دیئے جائیں گے۔

دنیا حیرت کدہ ہے تو حیران ہوتے جائیں اور زندگی بسر کرتے جائیں، ایسی ہی حیرانگی اس وقت ہوئی جب اخبار میں ایک اشتہار دیکھنے کو ملا، اشتہار میں 100 دنوں کی انٹرن شپ کا اعلان کیا گیا تھا جس کے لیے امیدواروں کو ایک لاکھ بھی دیئے جائیں گے اور کام پورے 9 گھنٹے صرف بھرپور نیند لینا ہوگا۔

اس حیرت انگیز پیشکش کا اعلان بھارت میں ‘ویک فٹ’ نامی کمپنی نے کیا جس کا مقصد لوگوں میں پوری اور بھرپور نیند لینے کے فوائد سے آگاہی دینا تھا۔ اس سے لوگوں کو اداراک ہوگا کہ تر و تازہ بیدار ہونے کے انسانی دماغ و جسم اور برتاؤ پر کون سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس انٹرن شپ کا نام ’ویک فٹ سلیپ انٹرن شپ‘ رکھا گیا ہے۔

بنگلور کی کمپنی ویک فٹ کے ڈائریکٹر چیتنیا راما لنگے گوڈوا نے میڈیا کو بتایا کہ ‘سلیپ انٹرن شپ‘ کا مقصد نیند کے ذریعے بہتر صحت کو بحال رکھنے کی جانب لوگوں کی توجہ مبذول کروانا ہے اور نیند کے گرویدہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

انٹرن شپ کے دوران منتخب امیدواروں کی 9 گھنٹے کی نیند کی مکمل نگرانی کی جائے گی، اس دوران موبائل، لیپ ٹاپ وغیرہ کے استعمال پر پابندی ہوگی، 100 دن تک مسلسل 9 گھنٹے سونے والوں کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائےگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔