سانگھڑ میں غذائی قلت کے خلاف سرکاری اداروں اور این جی اوز کا اتحاد قائم

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
ڈپٹی کمشنر سانگھڑ مرزا ناصر علی غذائی قلت کے خاتمے کے لیے قائم اتحاد کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے

ڈپٹی کمشنر سانگھڑ مرزا ناصر علی غذائی قلت کے خاتمے کے لیے قائم اتحاد کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے

سانگھڑ میں غذائی قلت کے خلاف سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں نے اتحاد قائم کرتے ہوئے ایکسیلیریٹڈ ایکشن پلان (ایپ) ترتیب دیا ہے جس کا مقصد بچوں میں غذائی قلت کا خاتمہ اور لوگوں کو صحت کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کرنا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس سانگھڑ میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی فار نیوٹریشن (ڈی سی سی این) کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد ضلع میں غذائی قلت کے اسباب، اس کے سدباب اور صحت سے متعلق امور پر بات کرنا تھا۔ پروگرام میں متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان اور سانگھڑ میں موجود متعدد این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ مرزا ناصر علی نے کہا کہ بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے کے لیے ایپ ( ایکسیلیریٹڈ ایکشن پلان) ایک بہت بہترین پروگرام ہے ساتھ ہی گاؤں، دیہاتوں کو ’’اوپن ڈیفیکشن فری(ODF )‘‘ بنایا جانا پسماندہ زندگیوں میں مثبت تبدیلیوں کا موجب بنے گا اس ضمن میں پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا کردار اہم ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے مزید کہا کہ ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت، معاونت اور فیصلہ سازی میں شرکت، ترقیاتی کام کی’’بنیاد وں ‘‘کو مضبوط تر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی، تعلقہ لیول پر اسسٹنٹ کمشنرز سے این جی اوز کی کوآرڈی نیشن مزید بہتر ہوجائے تو نتائج کا جلد از جلد اور بروقت حصول ممکن ہوسکے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سبھاش چندر کا کہنا تھا کہ تحصیل کی سطح پر بنائی گئی کمیٹیز انتہائی اہم ہیں، ایپ جیسے پروگرام کی سندھ کو شدید ضرورت تھی، ڈی سی سی ایف اجلاس میں تمام متعلقہ ڈپارٹمنٹ ہر بار اپنی شرکت کو یقینی اور موثر بنائیں تو ایک اچھی کوآرڈی نیشن عمل میں آجائے گی جو نیوٹریشن سے وابستہ مسائل کے حل میں معاون و مدگار ثابت ہوگی۔

دریں اثنا اس موقع پر حکومتی اور این جی اوز نمائندگان نے فلاحی منصوبوں میں اپنے تجربات اور تجاویز سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔