شہر میں برگد کے قدیم درخت ورثہ قرار

وکیل راؤ  اتوار 8 دسمبر 2019
خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور کمپنیوں کے خلاف سندھ کلچرل ہیریٹیج ایکٹ 1994 کے تحت کارروائی کی جائے گی،کمشنر کراچی افتخار شلوانی۔ فوٹو: فائل

خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور کمپنیوں کے خلاف سندھ کلچرل ہیریٹیج ایکٹ 1994 کے تحت کارروائی کی جائے گی،کمشنر کراچی افتخار شلوانی۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں لگے برسوں پرانے برگد کے درختوں کو ورثہ قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کلفٹن میں برگد کے قدیم درختوں کی کٹائی پر سخت نوٹس لیا ہے،کمشنر کراچی نے  وزیراعلیٰ کے حکم پر اس حوالے سے حکم نامہ بھی جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق برگد کے پرانے درختوں کو کاٹنے والے شخص اور شامل کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،اس حوالے سے شہر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی فوری احکام جاری کردیے گئے ہیں۔

جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور کمپنیوں کے خلاف سندھ کلچرل ہیریٹیج ایکٹ 1994 کے تحت کارروائی کی جائے گی،کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کراچی کے تمام 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو برگد کے درختوں کی فہرست بنانے اور ان پر نمبرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ برگد کے قدیم درخت کراچی کے علاقے کلفٹن اور ملحقہ علاقوں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں لگے ہوئے ہیں، وزیراعلی مراد علی شاہ کو کلفٹن میں برگد کے قدیم درخت کاٹے جانے کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر انھوں نے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی تھیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔