مہوش حیات بارات لیکر دلہا کے گھر پہنچ گئیں

ویب ڈیسک  اتوار 8 دسمبر 2019
ابرار الحق کے گانے کی ویڈیو میں مہوش حیات نے چمکیلی کا کردار ادا کیا۔ فوٹو: فائل

ابرار الحق کے گانے کی ویڈیو میں مہوش حیات نے چمکیلی کا کردار ادا کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی شوبز کی دنیا میں شادیوں کا دور جاری ہے، حمزہ علی عباسی نے سادگی سے شادی کی روایت ڈالی تو اسپورٹ جرنلسٹ زینب عباس کی شادی کی پُر وقار تقریب توجہ کا مرکز ٹھہری، صنم چوہدری اور سومی چوہان کا بھی نکاح ہوا۔ اور بھی ستارے زندگی کے نئے سفر کی شروعات کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔

تو کیا صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جارہی ہیں؟ تو اس کا جواب نہ میں ہے، ابھی مہوش کے مداحوں کو یہ دن دیکھنے کے لیے انتظار کی کوفت اٹھانا ہوگی تاہم وہ چاہیں تو معروف گلوکار ابرار الحق کے نئے گانے ’ چمکیلی‘ کی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں جس میں مہوش حیات تمام تر سماجی رکاوٹوں کو توڑتے اور روایتوں کو روندتے ہوئے پوری بارات لیکر اپنے دلہا کی دہلیز پر جا پہنچتی ہیں۔

یہ مناظر ہیں ابرار الحق کے نئے گانے چمکیلی کی ویڈیو کے، جس میں مہوش حیات روایت شکن بہادر و نڈر دلہن ’چمکیلی‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں جب کہ اچانک آئی افتاد سے پریشان حال دلہا کے روپ میں معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری جلوہ افروز ہیں۔ اس پنجابی گانے کے بول ابرار الحق نے خود لکھے ہیں جب کہ موسیقی بھی انہی کی ہے۔ ایک ہی دن میں اس ویڈیو کو 70 ہزار کے لگ بھگ افراد نے دیکھ لیا ہے۔ آپ بھی ابرار الحق کی گلوکاری اور مہوش حیات کے رقص سے محظوظ ہوں گے۔

’اساں تے جانا بلو دے گھر‘ سے مقبولیت کی انتہا کو چھونے والے لیکچرار اور گلوکار ابرار الحق نے پاپ، فوک اور میلوڈی نغموں میں یکساں طور پر کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ جہاں عشق میں ہجر اور یاسیت کی نمائندگی کرنے والا نغمہ ’بھیگا بھیگا سا یہ دسمبر ہے‘ نے ابرار الحق کے کیریر کو دوام بخشا وہیں صوفی بزرگ بلھے شاہ کے کلام ’بلھا کی جاناں میں کون‘ پڑھ کر وہ مداحوں کو وجد میں مبتلا کردیتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔