کراچی میں نوپارکنگ ایریا سے گاڑی اٹھانے پر کار مالک کی لفٹر ڈرائیور کو دھمکی

اسٹاف رپورٹر  پير 9 دسمبر 2019
لفٹر آپریٹر نے 500 روپے کا چالان کر دیا ۔ فوٹو : اسکرین گریب

لفٹر آپریٹر نے 500 روپے کا چالان کر دیا ۔ فوٹو : اسکرین گریب

 کراچی: فیروز آباد تھانے کی حدود میں نوپارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑی کو لفٹرکی مدد سے اٹھائے جانے پر گاڑی کا مالک آپے سے باہر ہوگیا اور لفٹر آپریٹرکو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا۔

فیروز آباد تھانے کی حدود خالد بن ولید روڈ پر ٹریفک پولیس کی جانب سے نوپارکنگ ایریا میں کھڑی کار کو لفٹر کی مدد سے اٹھائے جانے پر کار مالک آپے سے باہرہوگیا اورٹریفک پولیس کے لفٹر آپریٹرکو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا۔

کار مالک نے ٹریفک پولیس کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ کار کو ہاتھ نہ لگاؤ کار فوری واپس لائی جائے میرے والد اور بھائی پولیس میں ڈی ایس پی ہیں، ڈی آئی جی کو ابھی فون کرتا ہوں، ڈی آئی جی میرا دوست ہے۔

کار مالک ٹریفک پولیس کے لفٹر آپریٹرکو دھمکیاں دینے کے بعد اس کی تذلیل کرتا رہا جب کہ لفٹر آپریٹر اپنا کام کرتا رہا اور کار مالک کا 500 روپے کا چالان کاٹنے لگا جس پر کار مالک نے کہا کہ آپ غلط چالان کاٹ رہے ہیں اور ویڈیو کیوں بنائی جارہی ہے۔ لفٹر آپریٹر ذوالفقارنے جواب دیا کہ آپ نے ڈی آئی جی کا نام لیا ہے اس لیے ثبوت کے طور پر آپ کی ویڈیو بنائی جا رہی ہے۔

خالد بن ولیڈ روڈ ٹریفک سیکشن کے ایس او ذاکر حسین نے بتایا کہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا تھا اورٹریفک پولیس کے لفٹر آپریٹر نے کار مالک کا 500 روپے کا چالان کیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے انسانی ہمدردی کے تحت کار مالک کے خلاف مزید کوئی چارہ جوئی نہیں کی، کار مالک کے ساتھ ان کا بھائی بھی موجود تھا جو کہہ رہا تھا کہ ان کا بھائی بیمار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔