جامعہ کراچی کے تحت داخلہ ٹیسٹ، اندرون سندھ کےA-1 گریڈ کے71فیصد طلبا فیل

صفدر رضوی  پير 9 دسمبر 2019
کراچی سے اے ون گریڈ کے ساتھ انٹر پاس کرکے ٹیسٹ میں شامل ہونیوالے94.90 فیصدطلبا ٹیسٹ میں کامیاب رہے ۔ فوٹو:فائل

کراچی سے اے ون گریڈ کے ساتھ انٹر پاس کرکے ٹیسٹ میں شامل ہونیوالے94.90 فیصدطلبا ٹیسٹ میں کامیاب رہے ۔ فوٹو:فائل

کراچی: جامعہ کراچی کے تحت نئے تعلیمی سیشن 2020کے لیے منعقدہ داخلہ ٹیسٹ کے دلچسپ اورچونکا دینے والے نتائج سامنے آئے ہیں اورایک بار پھر اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے ’’اے ون‘‘گریڈ میں انٹرمیڈیٹ کاامتحان پاس کرکے جامعہ کراچی میں داخلوں کے لیے درخواست دینے والے طلبامیں سے71.29فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ہی فیل ہوگئے اوراندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ لینے والے محض 28.71 فیصد طلبہ نے جامعہ کراچی کاٹیسٹ پاس کیا۔

اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ سمیت مختلف گریڈز میں انٹر کا امتحان پاس کرکے جامعہ کراچی میں داخلوں کے لیے ’’ایس‘‘ کیٹگری کی بنیادپر درخواستیں دینے والے امیدواروں کے ٹیسٹ کے نتائج اس سے بھی زیادہ مایوس کن ہیں، داخلہ ٹیسٹ میں شریک مذکورہ 2453 امیدواروں میں سے محض 17.33فیصد نے یہ ٹیسٹ پاس کیااور’’ایس‘‘کیٹگری میں شامل انٹرمیں مختلف گریڈ سے پاس ہونے والے 82.67امیدوارجامعہ کراچی کاداخلہ ٹیسٹ پاس ہی نہیں کرسکے، یادرہے کہ18شعبہ جات میں بی ایس کے داخلوں کے لیے یہ ٹیسٹ 17نومبرکومنعقدہوئے تھے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو اس حوالے سے موصولہ اعدادوشمارسے علم ہواہے کہ وفاقی دارالحکومت سمیت پاکستان کے دیگرصوبوں کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ سے انٹرمیڈیٹ کرنے والے امیدواروں میں سے 57.14فیصدنے جامعہ کراچی کاداخلہ ٹیسٹ پاس کیا، ادھراعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی(بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی) سے اے ون گریڈ کے ساتھ انٹرپاس کرکے جامعہ کراچی کے داخلہ ٹیسٹ میں شامل طلبہ میں سے94.90فیصد طلبہ داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب رہے۔

صرف 5.10فیصد طلبہ ہیں جوانٹرکے امتحان میں کراچی بورڈ سے اے ون گریڈ لینے کے باوجود داخلہ ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے، یادرہے کہ جامعہ کراچی نے اس بار داخلہ ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس کاتناسب 50فیصد مقررکیاتھا، واضح رہے کہ مذکورہ ڈیٹانے سندھ میں تعلیمی بورڈزکی جانب سے جاری کردہ نتائج پرایک سوالیہ نشان کھڑاکردیاہے کہ آخرسندھ کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ میں انٹرکرنے والے طلبہ جامعات کے داخلہ ٹیسٹ میں کیوں فیل ہورہے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک کے دیگرصوبوں کے مقابلے میں سندھ میں معیارتعلیم کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدام کی قلعی بھی کھل گئی ہے۔

سندھ کے سرکاری کالجوں میں تدریس کے نظام پرانگلیاں اٹھنی شروع ہوگئی ہیں،اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ جامعہ کراچی میں بی ایس کے داخلوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں مجموعی طورپر پورے پاکستان سے 10119 امیدوار شریک ہوئے تھے جن میں جس میں سے 40.15 فیصدسے داخلہ ٹیسٹ پاس کیایعنی 4063طلبہ پاس اور6056طلبا اس ٹیسٹ میں فیل ہوگئے، ان میں کراچی تعلیمی بورڈ سے انٹرکرنے والے طلبہ کی تعداد7101تھی جس میں سے کامیابی کاتناسب 49.04فیصد رہا اور 3482 طلبہ پاس جبکہ 3619طلبہ فیل ہوئے۔

اسی طرح ’’ایس‘‘ کیٹگری کے حامل اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے کل 2453طلبہ نے ٹیسٹ میں حصہ لیااور17.33فیصدکامیاب ہونے والے طلبہ کی تعدادصرف 425ہے جبکہ ایس کیٹگری کے 2028طلبہ فیل ہوئے، ادھرملک کے دیگرصوبوںکے تعلیمی بورڈزکے ’’پی ‘‘کیٹگری کے شریک 565طلبہ میں سے 156پاس اور409فیل ہوئے اورکامیابی کاتناسب 27.61فیصدرہا۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی کے تحت مختص نشستوں کاکوٹاداخلہ ٹیسٹ کے حامل شعبوں پر لاگونہیں ہوتاجبکہ ہروہ طالب علم جوانٹرمیڈیٹ میں 45فیصد مارکس لے کرپاس ہواہے ماسوائے شعبہ فارمیس کے تمام شعبوں میں داخلہ درخواست دینے اورٹیسٹ میں شرکت کااہل ہوتاہے تاہم کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ سے انٹرکاامتحان پاس کرکے داخلوں کے لیے درخواست دینے والے ’’کے‘‘کیٹگری کے حامل طلبہ میں سے اے ون گریڈ لینے والے 94.90 فیصد جبکہ اے گریڈ لینے والے 72.71 فیصدامیدوارنے ٹیسٹ پاس کیا۔

کراچی کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ لے کر628طلبہ نے جامعہ کراچی کے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جس میں سے 596نے ٹیسٹ پاس کیااورصرف 32فیل ہوئے، اسی طرح اے گریڈلے کر2627طلبہ نے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جس میں سے 1910نے ٹیسٹ پاس کیااور717فیل ہوئے۔

سندھ کے دیگرتعلیمی بورڈزسے انٹرکاامتحان پاس کرکے داخلوں کے لیے درخواست دینے والے اے ون گریڈ کے حامل صرف 28.71 فیصد طلبہ جبکہ اے گریڈ کے حامل 16.29فیصد طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا،یادرہے کہ اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ لے کر 815طلبہ نے جامعہ کراچی کے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جس میں سے 234نے ٹیسٹ پاس کیا اور 581فیل ہوگئے۔

اسی طرح اے گریڈلے کر896طلبہ نے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جس میں سے 146نے ٹیسٹ پاس کیااور750فیل ہوئے، علاوہ ازیں ’’پی ‘‘کیٹگری سے مختلف تعلیمی بورڈز سے اے ون گریڈ کے حامل ٹیسٹ میں شریک 57.14فیصد طلبہ نے اوراے گریڈ کے حامل 26.39 فیصد طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا ملک کے دیگرصوبوںکے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ لے کر 98 طلبہ نے جامعہ کراچی کے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جس میں سے 56نے ٹیسٹ پاس کیااور42فیل ہوگئے۔

اسی طرح اے گریڈلے کر216طلبہ نے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جس میں سے 57نے ٹیسٹ پاس کیااور159فیل ہوئے، اعدادوشمار مزیدبتاتے ہیں کہ ملک کے بڑے شہروں سے اے ون گریڈ میں انٹرمیڈیٹ کرنے والے طلبہ میں سے جامعہ کراچی کے ٹیسٹ میں شریک ہونے والے امیدواروں میں اسلام آباد کے 5طلبہ پاس اور2فیل ہوئے حیدرآباد کے 15طلبہ پاس اور30فیل ہوئے اے ون گریڈ میں انٹرکرکے داخلوں کے لیے درخواست دینے والے گلگت سے 4 طلبہ ٹیسٹ میں شریک اورچاروں پاس ہوئے لاہورسے 3پاس اور3فیل ہوئے لاڑکانہ سے 22پاس جبکہ 137فیل ہوئے میرپورخاص سے 31پاس اور81فیل ہوئے پشاور سے 1پاس جبکہ 2فیل ہوئے کوئٹہ سے 1پاس اور1فیل جبکہ ٹھٹھہ سے 3پاس اور5فیل ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔