‎نوازشریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 88 فیصد بند ہے، ترجمان (ن)لیگ

ویب ڈیسک  پير 9 دسمبر 2019
 نواز شریف کی شوگر زیادہ ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

نواز شریف کی شوگر زیادہ ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ‎پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎نوازشریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 88 فیصد بند ہے۔

‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ ‎ ‎نواز شریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 88 فیصد بند ہے، ‎ڈاکٹرز کے مطابق معاملے میں کئی طبی پیچیدگیاں سنگین نتائج کی حامل ہوسکتی ہیں، انہوں نے نوازشریف کے امریکا میں علاج کی تجویز دی ہے، ‎موجودہ صورتحال میں نواز شریف کی امریکا منتقلی ڈاکٹرز کے لئے ایک اور طبی امتحان ہے۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ‎برقی شعاعوں سے اندرونی اعضاء کے معائنےکی روشنی میں نواز شریف کی بائی آپسی کی جائے گی ، ‎موجودہ طبی کیفیات کو دیکھتے ہوئے بائی آپسی کرنے پر ڈاکٹرز کی مشاورت ہوئی ہے، ‎پلیٹ لیٹس کے معاملے میں بھی بہتری پیدا نہیں ہوئی، ا‎سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ا‎سٹیرائیڈز اورپلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھانے کی ادویات کے نتیجے میں نواز شریف کی شوگر زیادہ ہے۔ ‎طبی تجزیات کے باوجود پلیٹ لیٹس کی مقدار میں مسلسل کمی کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نالائق اور نااہل حکومت کی کارکردگی کے ساتھ سیاست اور ذہنی حالت بھی پست ہو چکی ہے، افسوس ہے کہ ذہنی مفلوج آج تک نوازشریف کی صحت پرسیاست کررہے ہیں ، نواز شریف کی صحت پر سیاست کی بجائے پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری کا بندوبست کرے ، ملک، قوم ، کاروبار روزگار اور معیشت کا مذاق بنایا ہوا ہے اُس کا علاج کرے ،نالائق اور نااہل 15 مہینے کی اس کارکردگی کا علاج کرے جس نے ملک اور عوام کو بیمار کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔