کابل ایئرپورٹ انتظامیہ کے حیلے بہانے؛ پی آئی اے کی پرواز کئی گھنٹے روکے رکھی

ویب ڈیسک  پير 9 دسمبر 2019
  پی آئی اے کے بڑے طیارے کو چھوٹا رن وے استعمال کرنے کی ہدایت کی  گئی ہے، فوٹو: فائل

پی آئی اے کے بڑے طیارے کو چھوٹا رن وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، فوٹو: فائل

 اسلام آباد / کابل: کابل ایئر پورٹ انتظامیہ بھی افغان حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان دشمنی میں پی آئی اے کی پروازوں کو مختلف حیلے بہانوں سے روکنےلگی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا مسافر طیارہ پیر کی صبح کابل ایئرپورٹ پر اترا تھا اور شیڈول کے مطابق اسے کچھ ہی دیر بعد واپس آنا تھا لیکن ایئر پورٹ پر طیارے کو اڑان بھرنے کی اجازت نہ مل سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل سے اسلام آباد کی پرواز میں 162مسافر سوار تھے، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے  پی آئی اے کے طیارے کو چھوٹا رن وے استعمال کرنے کی ہدایت کی جب کہ ایئرپورٹ پر بڑا رن وے موجود ہے جس پر دیگر ایئر لائنز کے بڑے طیارے معمول کے مطابق اڑان بھرر رہے تھے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کی بہانے بازیوں کے باعث پی آئی اے کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہی تاہم بالآخر طیارے کو اڑان کی اجازت دے دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔