چین میں قومی ترانے کے دوران جھنڈے کی طرف نہ دیکھنے پر کھلاڑی پر جرمانہ

ویب ڈیسک  پير 9 دسمبر 2019
چین کے کلب کیلیے کھیلنے والے فرنچ کھلاڑی پر 10 ہزار ین کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ فوٹو : فائل

چین کے کلب کیلیے کھیلنے والے فرنچ کھلاڑی پر 10 ہزار ین کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ فوٹو : فائل

بیجنگ: چین میں باسکٹ بال میچ میں قومی ترانے کے دوران جھنڈے کی جانب دیکھنے کے بجائے نظر جھکائے رکھنے کی پاداش میں کھلاڑی کی سرزنش کی گئی اور جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے مقامی کلب ننجنگ منکی کنگ کے عالمی شہرت یافتہ فرنچ کھلاڑی گوئرشن یابوسیلی کی قومی ترانے کے دوران جھنڈے کی جانب نہ دیکھنے پر نہ صرف سرزنش کی ہے بلکہ 10 ہزار ین کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

ایسوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنچ کھلاڑی ٹورنامنٹ کے آغاز پر قومی ترانے کے دوران جھنڈے کی طرف دیکھنے کی بجائے مسلسل زمین کی جانب سر جھکائے کھڑے رہے جو کہ قومی ترانے اور جھنڈے کے تقدس کی پامالی کے زمرے میں آتا ہے۔

اس سے قبل برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی کو قومی ترانے کے دوران چہرے پر بار بار ہاتھ پھیرنے پر ایک میچ کے لیے پابندی لگادی گئی تھی۔ واضح رہے کہ چین میں قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر 3 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔