شہباز شریف کی صحت اورعزت لندن میں ہی بحال ہوسکتی ہے، شہزاد اکبر

ویب ڈیسک  پير 9 دسمبر 2019
شہباز شریف صاحب نے کرپشن کے پیسوں سےبیگم کےلیے گھر خریدا، معاون خصوصی فوٹو: فائل

شہباز شریف صاحب نے کرپشن کے پیسوں سےبیگم کےلیے گھر خریدا، معاون خصوصی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ یہ بات طے ہے کہ شہباز شریف کی  صحت اور عزت لندن میں ہی بحال ہوسکتی ہے۔

وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبرکا کہنا تھا کہ برطانوی جریدے نے فنڈ میں خورد برد کی اسٹوری دی تھی اور شہباز شریف نے برطانوی صحافی اور میرے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا وہ ابھی تک برطانوی عدالت میں کیوں نہیں گئے؟ جون 2018ء سے ہم منتظر ہیں کب ہمیں نوٹس آئے گا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ لندن کی عدالت میں پاکستان کی کھوئی ہوئی عزت بحال کروں گا، یہ بات طے ہے کہ ان کی صحت اورعزت لندن میں ہی بحال ہوسکتی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ میں نے شہباز شریف سے کرپشن کے بارے میں سوالات کیے تھے مگر ان کا جواب ابھی تک نہیں آیا،  لیگی قیادت کی جانب سے جواب کے منتظرہیں، شہباز شریف! خدارا میرے سوالوں کا جواب دیں اور بتائیں کہ نثار احمد گل اور ملک علی احمد سے کیا تعلق ہے۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ سے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، شہباز شریف نے کرپشن کے پیسوں سے اپنی اہلیہ کے لیے مارگلہ میں گھرخریدا، کرپشن کے 2 ارب روپے نقد رقم سلمان شہباز کے اکاونٹ میں منتقل ہوئی، ایسی مزید 6 سے7 کمپنیاں پکڑی جا چکی ہیں، مواصلات کی وزارت میں اربوں روپے کی کرپشن پکڑی گئی، اینٹی کرپشن نے 10 سال میں 433 ملین اور ایک سال میں 1.7 ارب روپے ریکوری کی، (ن) لیگ کی بدعنوانی کے خلاف کیسز عدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں۔

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں کرپشن کا پیسا آتا تھا، عمران خان کی سرپرستی میں شہزاد اکبر نے اتنی بڑی کرپشن کو بے نقاب کیا، سی ایم سیکرٹریٹ میں کرپشن کا پیسہ آرہا تھا شہباز شریف کا کیس کلاسک مثال ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔