سنار کی دکان میں نقب زنی، چور 4 کروڑ روپے کا 5 کلو سونا لے اڑے

اسٹاف رپورٹر  منگل 10 دسمبر 2019
ا،نقب زنی کی اطلاع صبح5بجے ملی،دکان پہنچے توشٹر اٹھاہواتھا اورتجوری غائب تھی،بھائی دکاندار۔ فوٹو:فائل

ا،نقب زنی کی اطلاع صبح5بجے ملی،دکان پہنچے توشٹر اٹھاہواتھا اورتجوری غائب تھی،بھائی دکاندار۔ فوٹو:فائل

کراچی:  سعودآباد کی لیاقت مارکیٹ صرافہ بازار میں سنار کی دکان میں نقب زنی کی واردات کے دوران مسلح چور سونے کے زیورات سے بھری تجوری لے اڑے، مسلح چور مارکیٹ کے چوکیدار کے ہاتھ پاؤں باندھ کر تجوری شہزور ٹرک میں ڈال کر باآسانی فرار ہوگئے۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب کراچی کے علاقے سعود آباد تھانے کی حدود لیاقت مارکیٹ صرافہ بازار میں جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کے دوران مسلح چور سونے کے زیورات سے بھری تجوری لے اڑے۔

واردات کی اطلاع ملنے پر جیولری شاپ کا مالک اور دیگر سنار موقع پر پہنچ گئے، سعود آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر واردات میں ملوث چوروں کے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے اور مارکیٹ کے چوکیدار سلیم کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

جیولری شاپ کے مالک فرقان احمد کے بھائی نعمان احمد نے بتایا کہ انھیں دکان میں نقب زنی کی واردات کی اطلاع صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ملی اور جب وہ دکان پر پہنچے تو تالے کٹے ہوئے پڑے تھے اور شیٹر اٹھا ہوا تھا دکان میں شوکیس کے نیچے رکھی 7 فٹ لمبی اور ڈیڑھ فٹ چوری تجوری غائب تھی انھوں نے بتایا کہ تجوری میں 5 کلو سونے کے زیورات تھے جو دکان بند کرتے وقت تجوری میں رکھے گئے تھے انھوں نے بتایا کہ سونے کے زیورات کی مالیت کم و بیش 4 کروڑ روپے تھی۔

مسلح چوروں نے صرافہ بازار کے چوکیدار کو رسیوں سے باندھ دیا تھا اور اس کے بعد نقب زنی کی واردات کی ، عینی شاہد کے مطابق مسلح چوروں کی تعداد 5 تھی اور ان کے ہاتھوں میں بڑے ہتھیار موجود تھے مسلح چور تجوری شہزور ٹرک میں ڈال کر موقع سے فرار ہوگئے انھوں نے بتایا کہ دکان اور مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں تھے جس کا مسلح چوروں نے بھرپور فائدہ اٹھایا، لوٹے جانے والے زیورات میں شہریوں، دکانداروں، کاری گروں اور ان کا اپنا سونا بھی شامل تھا۔

مارکیٹ کے ایک دکاندار نے بتایا کہ مسلح چوروں نے جیک لگا کر دکان کا شٹر اٹھایا جس کی وجہ سے لوہے کی گرل اور شیٹرکے کنڈے ٹیڑھے ہوگئے اس حوالے سے ایس ایچ اوسعود آباد زبیر اسلام نے بتایا کہ جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات 4 سے ساڑھے 5 بجے کے درمیان ہوئی، مسلح چوروں نے صرافہ بازار کے چوکیدار کے ہاتھ پاؤں باندھ کر چوری کی ، لوٹے جانے والے سونے میں امانتیں،کاریگروں اور دکانداروں کا سونا شامل تھا۔

انھوں نے بتایا کہ صرافہ بازار میں سیکیورٹی کا کوئی نظام تھا اور نہ ہی پوری لیاقت مارکیٹ میں کہیں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں، لیاقت مارکیٹ میں7 چوکیدار ہیں جو ضعیف العمر ہیں اور ان کے پاس اسلحہ بھی نہیں ہے، چوکیدار سلیم کو انھوں نے پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کیا تھا جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا ہے۔

پولیس نے واردات کا مقدمہ جیولری شاپ کے مالک فرقان احمد کی مدعیت میں نامعلوم چوروں کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، لیاقت مارکیٹ صرافہ بازار میں جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات پر صرافہ بازار کے تاجروں نے احتجاج کیا اور احتجاجاً پیر کو دکانیں بند رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔