کراچی والوں نے کتب میلہ ’’لوٹ ‘‘ لیا ہزاروں کتابیں فروخت

اسٹاف رپورٹر  منگل 10 دسمبر 2019
330 اسٹالز لگے، 17 ممالک کے 40 ادارے آئے، کراچی والوں نے میلہ لوٹ لیا، آئندہ سال ہالز کی تعداد بڑھائیں گے، کنوینر وقار متین

330 اسٹالز لگے، 17 ممالک کے 40 ادارے آئے، کراچی والوں نے میلہ لوٹ لیا، آئندہ سال ہالز کی تعداد بڑھائیں گے، کنوینر وقار متین

کراچی:  ایکسپو سینٹر میں پاکستان پبلشرز اینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ 5 روزہ عالمی کتب میلہ پیر کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔

کراچی والوں نے کتب میلہ ’’لوٹ‘‘ لیا،ہزاروں کتابیں فروخت ہوئیں، میلے کے آخری روز نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات،علمی و ادبی حلقے سمیت شہریوں کابے پناہ رش دکھائی دیا،کتب میلے میں کئی نئی کتابوں کی رونمائی بھی ہوئی جبکہ نمائش کے پانچواں دن غیر نصابی سرگرمیوں سے طلبا محظوظ ہوتے رہے۔

کے آئی بی ایف کے ڈپٹی کنوینر ناصر حسین، ایم اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد،ندیم مظہر، کامران نورانی ،سلیم عبدالحسین اور دیگر نے معزز مہمانوں کااستقبال اور انھیں رہنمائی فراہم کی۔

قلم کار رضا علی عابدی نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جوکام لوگ اپنے ہاتھوں سے کر رہے ہیں وہ لاجواب ہیں،کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کے کنوینر وقار متین نے نمائش میں شرکت کرنیوالے طلبہ و طالبات،نجی و سرکاری تعلیمی اداروں،علمی وادبی حلقوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں عوام کا جوش دیکھ کر آئندہ سال ہالز کی تعداد کوبڑھانے پر غورکریں گے۔

کتب میلے میں اس سال 330 سے زائد اسٹالز لگائے گئے تھے جبکہ ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت 17 ممالک کے تقریباً 40 اداروں نے شرکت کی، پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے۔

عالمی کتب میلہ میں شہریوں کی سہولت کیلیے نجی بینک کی اے ٹی ایم وین سروس ہر وقت دستیاب تھی جبکہ انجمن ہلال احمر کی ایمبولینس اور عملہ بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔