جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی، انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  منگل 10 دسمبر 2019
حکومت کی معاشی پالیسیاں پسماندگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو ؛ فائل

حکومت کی معاشی پالیسیاں پسماندگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو ؛ فائل

 کراچی: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی ہے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ ریاست کی جانب سے اپنے شہریوں سے معاہدے کا احترام اور ہر شہری کے انسانی حقوق کی بلا امتیاز پاسداری ضروری ہے، انسانی حقوق کی پاسداری کی ضمن میں کوتاہی قیامِ پاکستان کے بنیادی اصولوں سے انحراف کے مترادف ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی ہے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے، پی ٹِی آئی حکومت نے آزادیِ صحافت سے لے کر آزادیِ انجمن و تنظیم جیسے حقوق کو دبانے والی مہم کی سرپرستی کی، اس کے علاوہ حکومت نے طلبہ اور شہید مشال کے والد کے خلاف پرچہ کاٹ کر ریاستِ مدینہ کے متعلق اپنے دعووں کو زمیں بوس کردیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ پرامن و ترقی پسند معاشرے کے لیے آزادیِ اظہار، عقیدے کی آزادی، خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کو تحفظ دینا ہوگا تاہم حکومت کی معاشی پالیسیاں عوام کو عزت سے جینے کے حق کو غضب اور پسماندگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کا عالمی دن پر سمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں بولنے کی آزادی پر پابندی ہے، حکومت ارکان پارلیمنٹ کی بات سننے کو تیار نہیں، اگر ارکان پارلیمنٹ کی بات نہیں سنی جائیگی تو مسائل کیسے حل ہوں گے، حکومت صرف ارکان پارلیمنٹ کو چور ڈاکو کہتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے انسانی حقوق پر قدغن لگائی، انسانی حقوق پر سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا، اگر بنیادی حقوق پر سمجھوتا کیا گیا تو ملک ترقی نہیں کر سکتا جب کہ بدقسمتی ہے آج ہم صاف شفاف انتخابات نہیں کرا سکتے، ہر جگہ ہماری بنیادی حقوق اور بولنے کی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔