بھارتی شہریت کا متنازع بل دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 10 دسمبر 2019
متنازع بل انسانی حقوق اور دو طرفہ معاہدوں کی مکمل خلاف ورزی ہے،وزیراعظم، فوٹو: فائل

متنازع بل انسانی حقوق اور دو طرفہ معاہدوں کی مکمل خلاف ورزی ہے،وزیراعظم، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی لوک سبھا میں شہریت کے متنازع بل کی منظوری کی شدید مذمت  کرتے ہوئے بل کو انسانی حقوق اور دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ردعمل میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی لوک سبھا میں شہریت سے متعلق متنازع قانون سازی کی مذمت کرتے ہیں، یہ آرایس ایس کے ہندو راشٹریہ کا ایک حصہ ہے جب کہ متنازع بل انسانی حقوق اور دو طرفہ معاہدوں کی مکمل خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ایوان زیریں نے 12 گھنٹے کی بحث کے بعد تارکین وطن کی شہریت سے متعلق متنازع ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا جس کے تحت پاکستان، بنگلادیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔

متنازع بل پر بھارت سمیت دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے خلاف اقدامات کی پرزور مذمت کی ہے، خود بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس نے متنازع بل کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔