راولپنڈی کا میدان گرین کیپس کا کمزور مورچہ ثابت

نمائندہ خصوصی  بدھ 11 دسمبر 2019
وقاریونس23وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر،ڈریوڈ270رنز کی اننگز کھیل چکے ۔ فوٹو: ٹوئٹر

وقاریونس23وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر،ڈریوڈ270رنز کی اننگز کھیل چکے ۔ فوٹو: ٹوئٹر

 راولپنڈی: ماضی میں راولپنڈی کا میدان گرین کیپس کاکمزور مورچہ ثابت ہوا،ٹیم کو اس میدان پر 8ٹیسٹ میچز میں صرف3فتوحات حاصل ہوئیں جب کہ آخری تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے، اس وینیو پر میزبان ٹیم کا ریکارڈ بہتر نہیں ہے،یہاں 8ٹیسٹ میں صرف3 ہی فتوحات حاصل کی ہیں۔

اتنے ہی مقابلوں میں مہمان ٹیمیں سرخرو ہوئیں،2میچ ڈرا ہوئے،دسمبر 1993 میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین کیپس نے زمبابوے کو 57رنز سے شکست دی،اکتوبر 1994میں آسٹریلیا سے میچ ڈرا ہوگیا، نومبر، دسمبر 1996میں نیوزی لینڈ نے اننگز اور 13رنز سے فتح حاصل کی، اکتوبر 1997 میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ ڈرا ہوا،پاکستان نے نومبر، دسمبر1997میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 29رنز سے شکست دی۔

اس کے بعد تینوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اکتوبر 1998میں آسٹریلیا نے اننگز اور 99رنز سے زیر کیا، فروری، مارچ 2000 میں سری لنکن ٹیم نے 2وکٹ سے مات دی،اس میدان پر کھیلے جانے والے آخری میچ میں بھارت نے اننگز اور 131رنز سے شکست دی۔

یہاں سب سے بڑا ٹوٹل 600 بھی بھارتی ٹیم نے بنایا تھا،یہاں کم سے کم اسکور 139پر ویسٹ انڈین ٹیم 1997میں آؤٹ ہوئی،پاکستان ٹیم 1998میں آسٹریلیا کیخلاف میچ میں 145پر ڈھیر ہوئی تھی،اس میدان پر زیادہ وکٹیں پیسرز کے ہاتھ آئیں، وقار یونس23، وسیم اکرم16، محمد زاہد 11اور ڈیمین فلیمنگ 10شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

دوسری جانب اچھی لائن اور لینتھ پر بولنگ کرنے والے اسپنرز کو بھی مدد ملی، مشتاق احمد15اور ثقلین مشتاق 10وکٹوں کیساتھ کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں شامل ہیں، بہترین بولنگ محمد زاہد کی رہی، پیسر نے 1996میں 66رنز دے کر نیوزی لینڈ کی7وکٹیں اڑائیں، وقار یونس، وسیم اکرم، کرس کینز، کورٹنی واش، مشتاق احمد، ثقلین مشتاق اور میک گل یہاں 5یا زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

سب سے بڑی اننگز بھارتی کھلاڑی راہول ڈریوڈ نے 2004میں کھیلتے ہوئے 270رنز بنائے،سلیم ملک بھی 1994میں آسٹریلیا کیخلاف ڈبل سنچری بنا چکے،150سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے والوں میں انضمام الحق، عامر سہیل اور اسٹیووا شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔