سندھ اسمبلی میں مردم شماری پر تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلیے قرارداد منظور

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 دسمبر 2019
وفاقی کی جانب سے پیسے نہ ملنے کے باعث سجاول میں وٹرنری مرکز کا منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکاہے،عبدالباری پتافی

وفاقی کی جانب سے پیسے نہ ملنے کے باعث سجاول میں وٹرنری مرکز کا منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکاہے،عبدالباری پتافی

کراچی: سندھ اسمبلی نے منگل کو پرائیوٹ ممبرڈے کے موقع پر چھٹی قومی مردم شماری پر تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے پیش کردہ ایک قراردادجسے ایوان کے تمام پارلیمانی گروپوں کی تائید حاصل تھی متفقہ طور پر منظور کرلی۔

ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے یہ قرارداد پیش کی تھی جس کی حمایت ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے کی، ایم کیوایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈرکنور نوید کا کہنا تھا کہ قومی مردم شماری کے نتائج پر تمام جماعتوں کے تحفظات ہیں ،ملک بھر میں 5 فیصد سینسز بلاکس میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایاجائے، سندھ حکومت قومی مردم شماری پر تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلیے یوفاق سے رجوع کرے۔

اگر مردم شماری کے اعداد و شمار درست نہیں ہوں گے تو ہمارے مسائل کیسے حل ہوں گے، ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی جاوید حنیف نے کہا کہ وہ کون لوگ ہیں جو قومی اسمبلی کی قرارداد پر عمل نہیں کرتے، وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ مجھے یاد ہے جب اس طرح کا ڈیٹا کلیکٹ کیا جاتا تھا۔

اسے اسی ضلع میں رکھا اور کمپائل کیا جاتا تھا، انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خدشات کو اس وقت کی اسمبلی، سینیٹ اور حکومت کے سامنے رکھے تھے ،ہم نے جب اپنے تحفظات ظاہر کیے تو انہیں نظر انداز کیا گیا، بعدازاںقرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جس کے بعد اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کی دوپہر تک ملتوی کردیا۔

سندھ کے وزیر محکمہ ماہی پروری عبدالباری پتافی نے کہا ہے کہ ان کے محکمے کی جانب سے سجاول میں وٹرنری مرکز 2018 میں مکمل ہونا تھا تاہم وفاقی کی جانب سے پیسے نہ ملنے کے باعث یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا،6 ملین کی لاگت سے یہ منصوبہ شاہ بندر یونین کونسل میں مکمل ہونا تھا۔

انھوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں محکمہ فشریز اینڈ لائیو اسٹاک سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائی جس پر نصرت سحر نے کہا کہ اپنی کوتاہیوں کی ذمے داری وفاقی حکومت پر نہ ڈالیں۔

یہ اچھا بہانہ ہے کہ وفاق پیسے نہیں دے رہا نصرت سحر عباسی نے صوبائی وزیرعبدالباری پتافی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کتنا ہی سخت سوال کریں تحمل سے جواب دیتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک عمومی تاثر یہ بھی ہے کہ فارمنگ والے جانوروں کو کیمیکل دیے جاتے ہیں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی رحمت اللہ بیہن کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی۔

ضلع چھاچھرو ضلع تھرپارکر میں گیارہ بچوں کو کتے کے کاٹنے پر ان کی صحتیابی کی دعا کی گئی، اجلاس میں کشمیر کے معصوم شہریوں کے تحفظ اور شہید ہونے والوں کی مغفرت کی دعا کرائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔