شہبازشریف اور خاندان کے 9 افراد کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 11 دسمبر 2019
شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں کی جائیدادیں بنائیں، نیب فوٹو: فائل

شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں کی جائیدادیں بنائیں، نیب فوٹو: فائل

 لاہور: احتساب عدالت نے شہبازشریف اوران کے خاندان کے 9 افراد کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج چوہدری امیرمحمد خان نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہبازشریف اوران کے خاندان کے 9 افراد کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

نیب کے اسپیشل پراسکیوٹرحافظ اسد اللہ اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اینڈ فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اورمنی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں کی جائیدادیں بنا رکھی ہیں، لہذا شہبازشریف، حمزہ، نصرت شہباز، تہمینہ درانی سمیت 9 افراد کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں۔

نیب کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، ان کی بیگمات اوربیٹوں کے نام پر مختلف مقامات پر 23 جائیدادیں ہیں۔

واضح رہے کہ نیب لاہور کی جانب سے اثاثہ جات منجمد کرنے کے لیے 15 درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔