سعودی عرب کے اسپتال پر حوثی باغیوں کا میزائل حملہ

ویب ڈیسک  بدھ 11 دسمبر 2019
گولے گرنے کی جگہ خوش قسمتی سے کوئی مریض یا شہری موجود نہیں تھا۔ فوٹو: العاجل

گولے گرنے کی جگہ خوش قسمتی سے کوئی مریض یا شہری موجود نہیں تھا۔ فوٹو: العاجل

ریاض: سعودی عرب کے اسپتال  پر حوثی باغیوں نے میزائل داغے جس سے اسپتال کی بیرونی دیوار متاثر ہوگئی اور شیشے ٹوٹ گئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان کے علاقے حرث کے جنرل ہسپتال کے قریب حوثی باغیوں کی طرف سے داغے گئے میزائل اور گولے گرے۔ اسپتال کی عمارت کو معمولی کو نقصان پہنچا ہے، خوش قسمتی سے کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Missile Attack

شہری دفاع کے ترجمان کرنل یحی عبد اللہ القحطانی نے بتایا ہے کہ ایک میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا جس کے ٹکڑے اسپتال کی چھت پر گرے ہیں اور کچھ گولے اسپتال کی دیوار سے بھی ٹکرائے ہیں۔ جس حصے میں گولے گرے، وہاں خوش قسمتی سے مریض اور شہری موجود نہیں تھے۔

واضح رہے کہ شمالی یمن کی سرحد کے نزدیک واقع صوبے جازان میں اس سے قبل بھی حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل داغے جاچکے ہیں جب کہ ایئرپورٹ پر بھی تین سے زائد بار حملہ کیا گیا ہے جسے سعودی فضائیہ نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔