امریکی کمپنی نے ملازمین کو ایک کروڑ ڈالر بونس دے کر حیران کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 12 دسمبر 2019
انعام کی رقم کا سن کر 198 ملازمین سکتے میں آگئے کچھ جذبات میں آکر رونے لگے (فوٹو: فائل)

انعام کی رقم کا سن کر 198 ملازمین سکتے میں آگئے کچھ جذبات میں آکر رونے لگے (فوٹو: فائل)

میری لینڈ: امریکا میں رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مالک نے اس بار کرسمس اور چھٹیوں کے بونس میں ملازمین کو ایک کروڑ ڈالر یعنی ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم دے کر انہیں حیران کردیا۔ بونس کی تقریب میں انعام کا سنتے ہی لوگ سکتے میں آگئے اور بعض خواتین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو نمایاں تھے۔

چھٹیوں کے سیزن میں  بعض ملازمین کو اوسطاً 50 ہزار اور کچھ افراد کو ڈھائی لاکھ ڈالر تک کی رقم بھی دی گئی۔ ایک خاص تقریب میں تمام 198 ملازمین کو جمع کرکے بلایا گیا اور انہیں لفافے دیئے گئے جن میں رقم کی تفصیل دی گئی تھی۔

سینٹ جان پراپرٹیز کے سربراہ ایڈورڈ سینٹ جون نے کہا کہ ’ہمارے اہداف کے حصول کے اہم موقع پر میں اپنے تمام ملازمین کو انعام دینا چاہتا ہوں جو ان کی زندگی پر اہم اثر مرتب کرسکے‘۔ انہوں نے اپنے تمام ملازمین کی محنت اور خلوص کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کا اعتراف اس سے بہتر طریقے سے نہیں ہوسکتا تھا۔

تمام شرکا کو تقریب میں بلاکر سرخ لفافے دیئے گئے تھے۔ اس کے بعد کمپنی کے مالک نے لفافے کھولنے کا اعلان کیا تو اس میں ہر فرد کے لیے چیک موجود تھا جو خطیر رقم پر مشتمل تھا۔

تمام مراعات اور بونس کرسمس پارٹی میں دیئے گئے جنہیں پاکر کئی لوگ حیرت سے ساکت رہ گئے اور کچھ لوگ اس غیرمتوقع انعام پر رونے بھی لگے۔ کمپنی نے اس سال دو کروڑ مربع فٹ وسیع دفاتر، کارخانوں اور گوداموں کے سودے کیے جو آٹھ امریکی ریاستوں میں واقع ہیں۔ اس لیے کمپنی نے اپنے ملازمین کو بھی خوب نوازا ہے۔

ایک ملازم نے اسے زندگی بدل دینے والا جادو کہا جبکہ ایک خاتون نے کہا کہ وہ اس بونس پر اب بھی سکتے میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔