محکمہ صحت خیبر پختون خوا نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اضافی فنڈز مانگ لئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 دسمبر 2019
محکمہ صحت نے بھی اسی پالیسی کے تحت ان منصوبوں کو رواں سال فنڈز کی فراہمی کے بعد مکمل کا فیصلہ کیا ہے . فوٹو : فائل

محکمہ صحت نے بھی اسی پالیسی کے تحت ان منصوبوں کو رواں سال فنڈز کی فراہمی کے بعد مکمل کا فیصلہ کیا ہے . فوٹو : فائل

پشاور: محکمہ صحت خیبر پختون خوا نے رواں  مالی سال میں مکمل ہونے والے 11 ترقیاتی منصوبوں کے لئے حکومت سے اضافی فنڈز مانگ لئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ 11  منصوبے کی تکمیل کی مدت رواں مالی سال کی ہے اور ان منصوبوں کیلئے محکمے کو اضافی فنڈز درکار ہیں جس کے لئے حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن منصوبہ جات کی مدت تکمیل رواں مالی سال ہے تو اسکو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ مذکورہ منصوبے مزید التواء کا شکار نہ ہوں، محکمہ صحت نے بھی اسی پالیسی کے تحت ان منصوبوں کو رواں سال فنڈز کی فراہمی کے بعد مکمل کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان میں سوات کی تحصیل مٹہ میں  بی ایچ یو درمئی کی آر ایچ سی میں اپ گریڈیشن کے لئے 100ملین روپے، پیراپلیجک سینٹر حیات آباد میں وارڈز، آپریشن تھیٹر اور دو جم کیلئے 1813 ملین، ضلع نوشہرہ کی تین آر ایچ سیز مانکی شریف، ڈاگ اسماعیل خیل اور زیارت کاکا صاحب کی کیٹیگری اسپتالوں میں  اپ گریڈیشن کے لئے 862 ملین، گومل میڈیکل کالج ڈی آئی خان کے دوسرے فیز 2645.83 ­لین، خیبر کالج آف ڈینٹسری پشاور میں  دو لیکچر تھیٹرز، آڈیٹوریم، پراستو ڈونکس، ٹیوب ویل و اوور ہیڈ کیلئے  580.433 ملین روپے مانگے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں ایل ایچ ویز، کمیونٹی مڈ وائفز کیلئے پورٹیبل ایکسرے کی خریداری کے لئے 310ملین، نوشہرہ میڈیکل کالج کے لئے 180.570ملین، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ایکسیڈنٹ و ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن 351.120ملین، عورتوں کو تولیدی صحت کے لئے 0.001ملین اور انسی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے 383.956ملین روپے مانگے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔