کئی علاقوں میں بوندا باندی و ہلکی بارش، آج رات ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 12 دسمبر 2019
شہر میں چلنے والی سردی کی لہر 18دسمبرتک برقرار رہ سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

شہر میں چلنے والی سردی کی لہر 18دسمبرتک برقرار رہ سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: مغربی سسٹم کے اثرات کے باعث بدھ کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی اور ہلکی بارش کے سبب خنکی بڑھ گئی۔

شہر کے کئی علاقوں میں تندو تیزہوائیں بھی چلیں،جس کی رفتار40 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی،آج جمعرات کو بھی شہر کا مطلع ابر آلودرہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،آج رات ٹھنڈ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

چیف میٹرلوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق مغربی بارش کا سلسلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایران کی جانب سے بلوچستان میں داخل ہوا جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی جبکہ کہیں ہلکی بارش ریکارڈہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار فرواز کے مطابق آج (جمعرات) کو مزید ہلکی بارش،بونداباندی اور پھوارپڑنے کا امکان ہے جس کے دوران معمول سے قدرے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، آج رات کے وقت ٹھنڈ میں مذید اضافہ ہوسکتا ہے، مغربی سلسلے کے اثرات کے تحت شہر میں چلنے والی سردی کی لہر 18دسمبرتک برقرار رہ سکتی ہے جس کے دوران درجہ حرارت 11 ڈگری تک گرسکتا ہے۔

بدھ کی شب ایئر پورٹ، صدر،کلفٹن،ڈیفنس  جبکہ اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں گارڈن، رنچھوڑ لائن،رامسوامی میں بونداباندی جبکہ ایئرپورٹ اور اس سے ملحقہ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار پڑی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16.5 ڈگری اورزیادہ سے زیادہ 29.5 ڈگری رہا، شام کے وقت نمی کا تناسب 63 فیصد رہا،شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر رہی ،آج (جمعرات)کو کم سے کم درجہ حرارت 14سے 16 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔