رینجرزکی جانب سے’’شکریہ جناح‘‘کی تقریبات کاسلسلہ جاری

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 12 دسمبر 2019
طلبہ کوقائدپریزیڈینسی کادورہ کرایاگیا،کھیلوں میں ٹیمیں دوسرے راؤنڈمیں پہنچ گئیں

طلبہ کوقائدپریزیڈینسی کادورہ کرایاگیا،کھیلوں میں ٹیمیں دوسرے راؤنڈمیں پہنچ گئیں

کراچی:  رینجرز کی جانب سے ’’شکریہ جناح‘‘ کی مناسبت سے کراچی سمیت صوبے بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہیں۔

رینجرز کی جانب سے اس حوالے سے کراچی سمیت صوبے بھر میں مختلف تقریبات اور اسپورٹس ایونٹس منعقد کیے جارہے ہیں، کراچی میں رینجرز کے مختلف سیکٹرزکے زیراہتمام اسکولوں کے طلبہ نے تقریری، مضمون نویسی اورکوئز مقابلوں کے ذریعے قائد اعظم کی زندگی کے رہنما اصولوں پر روشنی ڈالی، طلبہ و طالبات کو قائد پریزیڈینسی کا معلوماتی دورہ کروایا گیا جس کا مقصد نوجوان نسل کو قائداعظم کے افکار سے روشناس کرانا  تھا۔

اسپورٹس ایونٹس میں کرکٹ، فٹبال اور ہاکی کے مقابلوں کے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل کر نے والی ٹیموں نے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ اسنوکر اور خواتین کے لیے بیڈمینٹنن،ٹیبل ٹینس کے مقابلے بھی کرائے گئے ، اس موقع پر رینجرز افسران نے کھلاڑیوں میں میڈل اور انعامات تقسیم کیے۔

اندرون سندھ حیدرآباد اور نوابشاہ میں ہونے والے پہلے مرحلے کے کرکٹ کے فائنل مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں نے بھی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ قائد اعظم رینجر ز پبلک اسکول سکھر میں تقریری مقابلوں میں مختلف ٹیموں نے حصہ لیا اور قائد اعظم کی قیام پاکستان کے لیے کی گئی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔