منظور وسان کیخلاف ریفرنس دائر کر کے رپورٹ دی جائے، ہائی کورٹ

کورٹ رپورٹر  جمعرات 12 دسمبر 2019
نئے سال میں تبدیلی کاخواب دیکھ لیا،2020خطرناک ہوگا،ہمارے لیے جیل اور سختیاں نئی چیز نہیں،سماعت کے بعد گفتگو (فوٹو: فائل)

نئے سال میں تبدیلی کاخواب دیکھ لیا،2020خطرناک ہوگا،ہمارے لیے جیل اور سختیاں نئی چیز نہیں،سماعت کے بعد گفتگو (فوٹو: فائل)

کراچی:  سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس دائر کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق سماعت ہوئی، پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان عدالت میں پیش ہوئے، نیب افسر نے بتایا کہ منظور وسان کے خلاف انکوئری مکمل کرلی ہے۔

ریفرنس اپروول کے لیے اسلام آباد  بھیج دیا، نیب افسر نے بتایا کہ منظور وسان کے بینک اکاؤنٹس، منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات حاصل کرنی ہے منظور وسان پر لگائے گئے الزامات کی چھان بین مکمل کرنے کے لیے مہلت درکار ہے، آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔

عدالت نے نیب حکام کو منظور وسان کے خلاف 12 فروری تک ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا، نیب کے مطابق سابق صوبائی وزیر منظور وسان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات ہیں، سماعت کے بعد غیر رسمی گفتگو میں منظور وسان نے کہا کہ نئے سال میں تبدیلی کے سورج کا خواب دیکھ لیا ہے خواب کی تکمیل کے لیے پر امید ہوں نیا سال 2020 خطرناک سال ہوگا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ ویسے بھی خطرناک ہوتا ہے، نئے سال 2020 میں بہت سے تبدیلیاں رونما ہونگی۔

منظور وسان نے کہ بہت سے لوگ تبدیل ہونگے اور بہت سے نئے آئیں گے، نواز شریف کی واپسی جلد ممکن نہیں ہے، مگر وہ ملک واپس ضرور آئیں گے، نواز شریف 2020 میں وطن واپس آئیں گے، منظور وسان نے کہا کہ آصف علی زارداری کا کیس سندھ کا ہے ہم جلدی باہر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں، سندھ میں کیس کا منتقل ہونا بہت ضروری ہے، زرداری صاحب کی طبیعت حقیقتاً خراب ہے  ہمارے لیے سختیاں نئی نہیں ہیں پہلے بھی جیل جاچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔