علیم ڈار ایک اور سنگ میل عبور کرنے کیلیے تیار

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 12 دسمبر 2019
اپنے آئیڈیل سے آگے نکلنے کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا، پاکستانی میچ آفیشل
فوٹو: ایکسپریس نیوز

اپنے آئیڈیل سے آگے نکلنے کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا، پاکستانی میچ آفیشل فوٹو: ایکسپریس نیوز

 دبئی:  پاکستان امپائر علیم ڈار ایک اور سنگ میل عبور کرنے کیلیے تیار ہیں، وہ جمعرات کو اسٹیو بکنر کا سب سے زیادہ 129 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

پاکستان میں 10 سال تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے بعد امپائرنگ میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے علیم ڈار اب ایک اور سنگ میل عبور کرنے کیلیے تیار ہیں، وہ جمعرات کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پرتھ میں شیڈول پہلے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اترتے ہی اسٹیو بکنر کا بطور امپائر سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں ذمہ داری انجام دینے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

یہ ان کا بطور امپائر کیریئر کا 129 واں ٹیسٹ ہوگا، انھوں نے پہلی بار 2003 میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ میں ذمہ داری انجام دی تھی، ون ڈے میں بطور امپائر انٹرنیشنل ڈیبیو 2000 میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں کیا تھا۔ تب سے اب تک وہ 207 ایک روزہ انٹرنیشنل مقابلوں میں ذمہ داری انجام دے چکے اور اس محاذ پر بھی روڈی کوئٹزن کے 209 میچز کے ریکارڈ سے تھوڑی ہی دوری پر ہیں۔

علیم نے کہاکہ یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس کے بارے میں میں نے اپنے امپائرنگ کیریئر کے آغاز پر سوچا  ہی نہیں تھا، جب میں آسٹریلیا میں فیلڈ میں اتروں گا تو یہ میری زندگی کا ایک اہم لمحہ ہوگا۔ میں نے یہاں سے ہزروں کلومیٹر دور گوجرانوالہ میں اس سفر کا آغاز کیا تھا، اسٹیو بکنر میرے آئیڈیل تھے اور اب میں ان سے آگے نکلنے والا ہوں، اس دوران میں نے کچھ انتہائی یادگار میچز دیکھے، ان میں برائن لارا کی ٹیسٹ کرکٹ میں 400 ناٹ آؤٹ کی اننگز اور 2006  میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ون ڈے میں آسٹریلیا کے 434 رنز کا حصول بھی شامل تھا۔

علیم ڈار نے مزید کہاکہ میرا اتنا طویل سفر فیملی کی سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھا،میں مواقع دینے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی مشکور ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔