انٹرنیٹ استعمال کرنیوالوں پررواں سال کرکٹ کا خمار چھایا رہا

بزنس رپورٹر / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 12 دسمبر 2019
پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ کرکٹ کے بارے میں معلومات تلاش کی گئیں
 فوٹو: فائل

پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ کرکٹ کے بارے میں معلومات تلاش کی گئیں فوٹو: فائل

کراچی: سال 2019کے دوران پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں پر کرکٹ کا خمار چھایا رہا، گوگل پر سب سے زیادہ کرکٹ کے بارے میں معلومات تلاش کی گئیں۔

گوگل نے سال 2019 میں پاکستان سے انٹرنیٹ پر تلاش کیے جانے والے مقبول ترین موضوعات کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے،جس میں رواں سال کے دوران گوگل پاکستان پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی معلومات پر ایک نظر ڈالی گئی ہے اور اس سال ہونے والے اہم ترین واقعات، شہرت یافتہ خبروں اور دلچسپ ترین تفریحی مواد کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے،اس سال میں جن مضامین نے ٹرینڈنگ کی ، ان میں پاکستانی عوام کا پسندیدہ کھیل کرکٹ بھی شامل ہے۔

سال 2019 میں جن موضوعات کو پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ ان میں پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ کرکٹ میچ، پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا،لائیو کرکٹ ،سونی لائیو،پی ایس ایل 4کا شیڈیول، کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ،پی ٹی وی اسپورٹس،پاکستان بمقابلہ انڈیا، سری لنکا بمقابلہ پاکستان میچ شامل ہیں۔

سال 2019میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیات میں بھی کرکٹرز کا پلڑا بھاری رہا نعمل خاور،وحید مراد،کرکٹر بابر اعظم ،آصف علی ، عدنان سمیع،سارہ علی خان، کرکٹر محمد عامرعلیزے شاہ اور مدیحہ نقوی شامل ہیں بھارتی پائلٹ ابھی نندن بھی ان دس سرفہرست شخصیات میں شامل ہیں جنھیں پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

فلموں اور ٹیلی ویژن پروگرام میں بھی پاکستانی ڈرامے گوگل کی سرچ لسٹ میں شامل رہے جن فلموں اور ٹیلی ویژن پروگراموں نے 2019 کے دوران ٹرینڈ کیا ان میں ایونجرز اینڈ گیم،بگ باس 13 ،عہدِ وفا ، سنو چندا سیزن 2 ،کبیر سنگھ ،کیپٹن مارویل، میرے پاس تم ہو، بچوں کا کارٹون پروگرام موٹو پتلو 2019 ، ڈرامہ بھروسہ پیار تیرا اور گلی بوائے شامل ہیں۔

پاکستان سری لنکا ٹیسٹ میچ کراچی میں 19دسمبر سے شروع ہوگا

پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے کراچی میں تیاریوں کا آغاز ہوگیا،ٹیسٹ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے،دو اعلیٰ سطح سیکیورٹی اجلاس منعقد ہوئے،ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

میجر جنرل عمر احمد بخاری نے سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا،طے پایا کہ میچ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کا اہتمام کیا جائے گا،اجلاس میں متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مختلف فیصلے کیے گئے۔

دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ میچ کی میزبانی کیلیے تیاریوں کے سلسلے میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیرِ صدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، سیکیورٹی ادارے، رینجرز ،سندھ اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام ،پی سی بی نمائندے، واٹر بورڈ ،کے ایم سی ،کے الیکٹرک اور دیگر اداروں کے حکام بھی موجود تھے،پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 19سے 23دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔