پی آئی سی واقعہ؛ حکومتی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 12 دسمبر 2019
کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،وزیراعظم عمران خان فوٹو:فائل

کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،وزیراعظم عمران خان فوٹو:فائل

 لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی حکمت عملی سے پی آئی سی واقعہ میں زیادہ نقصان سے بچ گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو فون کیا اور کل کے پی آئی سی واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعظم نے فیاض چوہان کی جانب سے معاملہ سلجھانے کے لئے موقع پر پہنچنے کی تعریف کی اور خیریت دریافت کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کو وکلا تشدد کے باعث کوئی چوٹ تو نہیں آئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور معاشرے کے ہرشعبے کا ہم نےتحفظ کرنا ہے، کل کا واقعہ شرمناک ہے اور حکومت پنجاب کی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے، پنجاب حکومت ٹھوس اقدامات کرکے آئندہ سے ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی سی واقعے پر وکلا کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات درج

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور انہیں واقعے کی رپورٹ پیش کریں گے۔ وزیرقانون پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی وزیراعلی کے ہمراہ ہونگے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وکلا نے ڈاکٹرز کے ساتھ تنازع پر پی آئی سی پر دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کے نتیجے میں طبی امداد نہ ملنے پر 3 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔ وکلا نے موقع پر پہنچنے والے فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔