پاکستان سے بے نظیر کا نام مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، بلاول

ویب ڈیسک  جمعرات 12 دسمبر 2019
کرپٹ لوگ یوٹرن لیتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں، بلاول بھٹو  فوٹو: فائل

کرپٹ لوگ یوٹرن لیتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں، بلاول بھٹو فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بینظیر کے نام پر قائم انکم سپورٹ پروگرام اور ائیرپورٹ کے نام بدل کر ان کا نام مٹانے کی اور کرپٹ کرپٹ کی رٹ لگا کر نوجوانوں کا برین واش کرنے کی کوشش کی گئی۔

شہید بینظیر بھٹو کی زندگی پر لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شہید بینظیر بھٹو کا نام مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے اور ائیرپورٹ کا نام بدل کر شہید بینظیر بھٹو کا نام مٹانے کی کوشش کی گئی لیکن ان منصوبوں سے بینظیر کا نام مٹانے سے عوام کے دلوں سے یہ نام نہیں مٹایا جاسکتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ضیاء کی جیل میں رہنا قبول کیا مگر ملک سے باہر نہیں گئیں، انہوں نے ہمیشہ فرنٹ سے قیادت کی، آنسو گیس کا سامنا کیا لاٹھیاں کھائیں اور بتایا کہ عورتیں وہ کرسکتی ہیں جو شاید مرد بھی نہ کرسکے، آج انقلابی شعر پڑھنے والے بڑے بڑے لیڈر بن چکے ہیں، ذرا سا بھی پولیس ایکشن ہو تو یہ لیڈر گھروں سے بھاگ جاتے ہیں، ان کے کارکنان پر تشدد ہو تو وہ کہیں نظر نہیں آتے، آج کنٹینر میں بیٹھ کر لانگ مارچ کروائے جاتے ہیں اور یہ حال ہوگیا ہے کہ کہا جاتا ہے کہ یوٹرن لیے بغیر کوئی لیڈر نہیں بن سکتے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے ترقی پسندوں کی کردار کشی کی گئی، کرپٹ کرپٹ کی رٹ لگا کر نوجوانوں کا برین واش کرنے کی کوشش کی گئی، کرپٹ لوگ یوٹرن لیتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں، جو عوام کو حقوق نہیں دیتے وہ اشرافیہ کرپٹ ہے، ترقی پسندوں کی قیادت کرپٹ نہیں، ہمیں تو سکھایا گیا ہے کہ اپنے مؤقف اور نظریات پر ڈٹے رہو یہاں تک کہ شہادت کیوں نہ قبول کرنا پڑے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔